Saturday , June 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / کنگس الیون کا آج پراعتماد پونے سوپرجائنٹس سے مقابلہ

کنگس الیون کا آج پراعتماد پونے سوپرجائنٹس سے مقابلہ

اندور۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ میں زبردست آغاز کرنے والی اسٹیون اسمتھ کی ٹیم رائزنگ پونے سوپرجائنٹس کل  اپنے اگلے مقابلے میں گزشتہ سیزن میں کمزور رہنے والی کنگس الیون پنجاب کے خلاف اترے گی جو دسویں ایڈیشن میں اپنی قسمت چمکانے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔پونے نے آئی پی ایل 10 میں اپنے پہلے مقابلے میں ہی دو مرتبہ کی چیمپئن اورا سٹار کھلاڑیوں اور بہترین اسپورٹس عملے سے سجی ممبئی انڈینس کو سات وکٹ سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا ہے ۔کپتان اسمتھ کی قیادت اور مہندر سنگھ دھونی جیسے بڑے کھلاڑیوں والی پونے کی ٹیم اگرچہ ٹوئنٹی20  لیگ میں اپنا دوسرا اور شاید آخری سیزن کھیل رہی ہو لیکن اس کے کھلاڑیوں میں تجربے کی کوئی کمی نہیں ہے ۔اس مرتبہ  دھونی کی بجائے اسمتھ کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے اور آسٹریلیائی کھلاڑی نے بھی ممبئی کے خلاف اپنی ناٹ آؤٹ84  رنز کی شاندار اننگز کھیل کر تنہا اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔اس مرتبہ پنجاب کی ٹیم گزشتہ دس برسوں میں پہلی مرتبہ قسمت بدلنے کا خواب دیکھ رہی ہے حالانکہ آئی پی ایل میں اب تک اس کی کوئی خاص کارکردگی نہیں رہی ہے ۔ اپنے پہلے سیزن میں سیمی فائنلسٹ رہے اور2014  میں رنر اپ بننے کے بعد وہ پھر کبھی پلے آف تک بھی کوالیفائی نہیں کرپائی۔ تقریبا ہر سال پنجاب کی کہانی ایک جیسی ہی رہتی ہے اور اسی لئے انتظامیہ بھی ٹیم میں مسلسل تبدیلی کرنے پر مجبور ہے ۔ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ہے جب پنجاب کی کپتانی نئے چہرے کو دی گئی ہے ۔سال2014  میں جارج بیلی کی قیادت میں پنجاب نے اپنی سب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اس کے بعد اپنے آخری دو سیزنس میں وہ فہرست میں نچلے مقام پر رہی۔

رواں برس  پنجاب کے نئے کپتان کے طور پر آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکس ویل کپتان اور سابق کرکٹر وریندر سہواگ کوچ کے طور پر موجود ہونگے۔ میکس ویل پنجاب کے ساتھ 2014  میں منسلک ہوئے تھے اور ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن ان کی اپنی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ آئی پی ایل می11  میچوں میں179  رن ہی بنائے تھے لیکن حال ہی میں ہندستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں انہوں نے رانچی میں سنچری بنائی ہے جس کے بعد کہا جا رہا ہے کہ وہ فی الحال اچھی فارم میں ہیں۔ ٹیم میں ان کے ساتھ مورگن، ڈیرن سیمی، ڈیوڈ ملر، منن ووہرا،ویردھمان ساہا، آسٹریلیائی آل راؤنڈر مارکس اسٹو ئینس جیسے اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔مرلی وجے چوٹ کی وجہ سے ٹیم میں موجود نہیں ہیں۔ اوپننگ میں پنجاب کیلئے ان کا متبادل ڈھونڈا کافی مشکل ہوسکتا ہے ۔ وہیں تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں اپنی لاجواب کارکردگی سے سرخیاں بٹورنے والے ٹی نٹراجن، ورون آرون، اکشر پٹیل اور موہت شرما سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے ۔پنجاب کی ٹیم بھلے ہی اچھی کارکردگی کا دعوی کرے لیکن وہ ہمیشہ دباؤ میں آجاتی ہے اور پہلے ہی میچ میں اسے اپنی اس کمزوری پر قابو پانا ہوگا کیونکہ اس کے مقابل مضبوط پونے مقابل  ہو گی جس میں ممبئی کے خلاف60  رنز کی اننگز کھیلنے والے اجنکیا رہانے ، ا سمتھ (ناٹ آؤٹ 84) ، بین اسٹوکس اور دھونی کے طور پر زبردست بیٹنگ لائن اپ ہے تو وہیں بولنگ میں عمران طاہر، رجت بھاٹیہ، ایڈم زمپا اور اسٹوکس پر نگاہیں رہیں گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT