Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / کنہیا کمار اور پروفیسر گیلانی کو رہا کیا جائے : ایمنسٹی انٹرنیشنل

کنہیا کمار اور پروفیسر گیلانی کو رہا کیا جائے : ایمنسٹی انٹرنیشنل

لندن ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آج دہلی پولیس سے جے این یو اسٹوڈنٹس یونین لیڈر کنہیا کمار اور دہلی یونیورسٹی کے سابق لکچرر ایس اے آر گیلانی کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے خلاف غداری کے الزامات ہٹائے جانے چاہئے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ حکومت اور پولیس نفرت اور عدم رواداری کی حدیں پار کرچکی ہیں۔ پولیس کو عدالت میں پیش آئے واقعات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی اندرون ملک اور بیرونی دوروں پر قانون کی حکمرانی کا جو عہد کرتے ہیں اسے پورا کیا جائے۔
کنہیا کمار کے چہرے اور پیروں پر
زخم ، تہاڑ جیل منتقل
نئی دہلی ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو اسٹوڈنٹس یونین لیڈر کنہیا کمار پر آج پٹیالہ کورٹ احاطہ میں کئے گئے حملہ کے بعد ڈاکٹرس نے ان کا معائنہ کیا اور ان کے چہرے و پیروں پر معمولی زخم کے نشانات پائے گئے۔ آر ایم ایل ہاسپٹل سے دو رکنی ڈاکٹرس کی ٹیم نے احاطہ عدالت میں کنہیا کمار کا میڈیکل چیک اپ کیا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ لولین نے حملہ کے بعد یہ ہدایت دی تھی۔ ٹیم نے بتایا کہ چہرے اور دونوں پیروں پر زخم کے معمولی نشانات ہے۔ اس دوران کنہیا کمار کو آج رات تہاڑ جیل منتقل کردیا گیا جہاں انہیں علحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ تہاڑ جیل کے عہدیداروں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہاں سیکوریٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ ٹاملناڈو اسپیشل پولیس کے دو ارکان عملہ کو سیکوریٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ جیل کے اندر یا باہر انہیں کسی طرح کی گزند نہ پہنچے۔ کنہیا کمار کو ملک سے غداری کے الزام کا سامنا ہے اور آج دن بھر ڈرامائی حالات پیش آئے۔

TOPPOPULARRECENT