Wednesday , August 23 2017
Home / ہندوستان / کنہیا کمار و دیگر کے خلاف جے این یو کی سزا معطل

کنہیا کمار و دیگر کے خلاف جے این یو کی سزا معطل

نئی دہلی، 13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جے این یو طلبا تنظیم کے صدر کنہیا کمار اور دوسروں کو قدرے راحت دیتے ہوئے دہلی ہائیکورٹ نے طلبا کو یونیورسٹی کی جانب سید ی گئی سزا پر عمل آوری کو اپیل اتھاریٹی میں کسی فیصلے تک معطل رکھا ہے ۔ جسٹس منموہن نے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب عدالت کی ہدایت پر جے این یو طلبا تنظیم نے بھوک ہڑتال سے فوری دستبرداری اختیار کرلی اور مزید کوئی احتجاج نہ کرنے سے رضامندی ظاہر کی ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر طلبا کی اپیلوں پر متعلقہ اتھاریٹی میں فیصلہ ان کے خلاف جاتا ہے تب بھی اس فیصلے پر عمل کو دو ہفتوں تک موخر رکھا جائیگا ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جب تک طلبا کی اپیلوں کی سماعت نہیں ہوتی اور ان کی یکسوئی نہیں ہوجاتی اس وقت تک یونیورسٹی کی جانب سے دی گئی تادیبی سزا پر عمل آوری نہیں ہوگی ۔ اگر یہاں طلبا کی اپیل خارج بھی ہوجاتی ہے تو اس فیصلے پر دو ہفتوں تک عمل آوری نہیں ہوگی ۔ جج نے یہ واضح کیا کہ عدالت کے احکام مشروط ہیں اور جے این یو طلبا تنظیم کو احتجاج سے فوری دستبرداری اختیار کرنی ہوگی اور اسے مزید کوئی دھرنے یا احتجاج یا ہڑتال سے بھی گریز کرنا ہوگا ۔ عدالت نے طلبا سے کہا کہ وہ ٹھنڈے دل سے کام کریں کیونکہ فی الحال ماحول کافی گرم ہے ۔ عدالت نے طلبا کو مزید کسی کارروائی کی صورت میں پر امن نمائندگی کی اجازت دی اور یونیورسٹی سے بھی کہا کہ وہ واجبی رویہ اختیار کرے ۔

TOPPOPULARRECENT