Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / کنہیا کمار کی صحت بگڑنے پر بھوک ہڑتال ختم

کنہیا کمار کی صحت بگڑنے پر بھوک ہڑتال ختم

نئی دہلی ، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کنہیا کمار نے اپنی صحت میں ابتری کے پیش نظر جمعہ کو اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی، جو 9 فبروری کے ایونٹ کے سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی سزا پر بطور احتجاج جاری تھی۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے ایک اسٹوڈنٹ نے کہا کہ کنہیا کمار اور چار دیگر اسٹوڈنٹس نے اپنی ہڑتال ختم کردی ہے جبکہ اُن کی صحت شدید متاثر ہوچلی تھی۔ یہ اُن کی بھوک ہڑتال کا نواں دن رہا۔ طالب علم نے بتایا کہ کنہیا کا بی پی (بلڈ پریشر) گھٹ کر 56 ہوگیا اور اُن کے گلوکوس کی سطح بھی کافی گھٹ چکی تھی۔ جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے ایک بیان میں کہا گیا کہ کنہیا کو نیم بیہوشی کی حالت میں جے این یو ہیلت سنٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹر نے انھیں متنبہ کیا کہ اگر وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں تو بدن کے داخلی اعضاء کو نقصان پہنچے کے اندیشے ہیں۔ کنہیا کو جمعرات کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں شریک کرایا گیا تھا جب وہ نیم بیہوشی کی حالت میں چلا گیا تھا اور اُس کا کیٹون لیول بڑھ کر چار درجہ کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT