Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / کنہیا کو گولی مارنے پر 11 لاکھ انعام کا اعلان!

کنہیا کو گولی مارنے پر 11 لاکھ انعام کا اعلان!

نئی دہلی 5 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دارالحکومت دہلی میں کچھ پوسٹرس چسپاں کئے گئے ہیں جن میں اعلان کیا گیا ہے جو کوئی جے این یو طلبا تنظیم لیڈر کنہیا کمار کو گولی مارے گا اسے 11 لاکھ روپئے انعام دیا جائیگا ۔ اس چھوٹے سے پوسٹر پر پوروانچل سینا نامی تنظیم اور اس کے صدر آدرش شرما کا نام درج ہے اور یہ دہلی میں کئی مقامات پر لگایا گیا ہے ۔ پوسٹر ہندی میں ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو کوئی جے این یو طلبا تنظیم کے صدر و غدار کنہیا کمار کو گولی ماریگا اسے 11 لاکھ روپئے کا انعام پوروانچل سینا کی جانب سے دیا جائیگا ۔ آدرش شرما نے کہا کہ انہیں عدلیہ میں یقین ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ انصاف فوری ہوجائے ۔ دہلی پولیس نے کہا کہ اس نے اس پوسٹر کا نوٹ لیا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ آدیش شرما نے کہا کہ کنہیا کمار غدار ہے اور اس نے ملک کے خلاف نعرے لگائے ہیں۔ عدالتوں میں بھی انصاف ہوگا لیکن ہم چاہتے ہیں کہ انصاف فوری کیا جائے اسی لئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کنہیا کمار کو غداری کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم عدالت نے اسے چھ ماہ کی عبوری ضمانت پر رہا کیا ہے ۔

 

کنہیا کی نقل و حرکت کی پولیس کو اطلاع دینے یونیورسٹی سے خواہش
نئی دہلی 5 مارچ ( پی ٹی آئی ) جے این یو طلبا تنظیم کے صدر کنہیا کمار کو مکمل سکیوریٹی فراہم کرنے کی کوشش کے طور پر دہلی پولیس نے یونیورسٹی حکام سے کہا کہ وہ پولیس کو کنہیا کمار کی کیمپس کے باہر نقل و حرکت اور اس کی سرگرمیوں کی نوعیت سے واقف کرواتے رہے ۔ یونیورسٹی حکام کو روانہ کردہ ایک مکتوب میں ڈی سی پی (ساؤتھ ) پریم ناتھ نے تحریر کیا ہے کہ وسنت کنج ( نارتھ ) پولیس کے ایس ایچ او کو کنہیا کمار کی جے این یو کمپس کے باہر نقل و حرکت اور اس کی سرگرمیوں کی نوعیت سے واقف کروایا جانا چاہئے ۔ جے این یو کیمپس وسنت کنج پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے اور پولیس کا ادعا ہے کہ وہ ضمانت پر رہائی کے بعد کنہیا کو سکیوریٹی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ جب کبھی کنہیا یونیورسٹی کیمپس سے باہر جائیگا ایک پولیس ٹیم ہمیشہ رہے گی ۔

TOPPOPULARRECENT