Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / کوئمبتور میں تلاشی مہم کے دوران 570 کروڑ روپئے ضبط

کوئمبتور میں تلاشی مہم کے دوران 570 کروڑ روپئے ضبط

دستاویزات کے بغیر بھاری رقم کی منتقلی پر کارروائی
کوئمبتور 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے آج ضلع تروپور میں تلاشی مہم کے دوران 3 کنٹینرس سے 570 کروڑ روپئے ضبط کرلئے جبکہ گاڑیوں میں موجود افراد کا دعویٰ ہے کہ یہ بھاری رقم انٹر بینک منی ٹرانسفر کی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنٹینرس کے ساتھ سفر کرنے والے افراد نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ 570 کروڑ روپئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کوئمبتور سے وشاکھاپٹنم برانچ منتقل کی جارہی تھی لیکن ان لوگوں نے اپنے دعوی کی تصدیق کے لئے کوئی دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہے۔ الیکشن ڈپارٹمنٹ کے فلائنگ اسکواڈ نے نیم فوجی دستوں کے ساتھ آج صبح پیرمنالورو ۔ کنترور بائی پاس پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران مذکورہ رقم ضبط کرلی جبکہ 3 کاروں کی حفاظت میں یہ کنیٹنرس جارہے تھے جوکہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ گئے لیکن عہدیداروں نے تعاقب کرکے چھیناپلی کے قریب انھیں روک لیا۔ کار میں سوار ایک شخص نے یہ دعویٰ کیاکہ وہ آندھراپردیش کا پولیس ملازم ہے لیکن یونیفارم میں نہیں تھا۔ الیکشن حکام کو بتایا کہ 570 کروڑ روپئے ایس بی آئی کوئمبتور سے وشاکھاپٹنم منتقل کئے جارہے تھے۔ تاہم ان لوگوں نے اپنے دعوے کی تصدیق کے لئے مناسب دستاویزات پیش نہیں کرسکے جس کے بعد ان گاڑیوں کو ترویو میں ضلع کلکٹوریٹ میں محفوظ کردیا گیا۔ یہ دریافت کئے جانے پر روکنے کے اشارہ کے باوجود کیوں فرار ہوگئے، ان لوگوں نے بتایا کہ انھیں ڈکیتی کا گمان ہوگیا تھا اور وہ الیکشن عہدیداروں سے لاعلم تھے۔ پولیس نے بتایا کہ کوئمبتور اور وشاکھاپٹنم میں بینک عہدیداروں کو اطلاع دینے پر فی الفور جائے وقوع پہنچ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹاملناڈو میں 16 مئی کو اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT