Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کودنڈا رام پر شکھینڈی کا رول ادا کرنے کا الزام، سونیا گاندھی سے خفیہ ملاقات ، بی سمن کا بیان

کودنڈا رام پر شکھینڈی کا رول ادا کرنے کا الزام، سونیا گاندھی سے خفیہ ملاقات ، بی سمن کا بیان

حیدرآباد۔ /8 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی سمن نے تلنگانہ جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ڈرامہ میں شیکھنڈی کا رول ادا کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ کودنڈا رام کانگریس کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں اور ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانا ان کا واحد کام رہ چکا ہے ۔ سمن نے کودنڈا رام کو چیلنج کیا کہ وہ اگر کانگریس کے ایجنٹ نہیں ہیں تو پھر 16 اور 27 جولائی کو سونیا گاندھی سے خفیہ ملاقات کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی سے خفیہ ملاقات کے بعد سے کودنڈا رام آبپاشی پراجکٹس کے خلاف مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔ ملنا ساگر پراجکٹ کی تعمیر روکنے کیلئے کسانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام کے سابق میں بھی کانگریس سے روابط رہے ہیں اور اسی کی بنیاد پر وہ کانگریس کے اشارہ پر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کودنڈا رام سے سوال کیا کہ گذشتہ عام انتخابات میں کے وینکٹ سوامی اور ای دیاکر کو کانگریس پارٹی کا ٹکٹ دلانے کیلئے انہوں نے اہم رول کیوں ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہیئے کہ آیا انہوں نے اپنے حامیوں کو کانگریس کا ٹکٹ دلایا کہ نہیں۔ سمن نے کہا کہ ایک طرف کودنڈا رام عملی سیاست سے دوری کا اعلان کرتے ہیں تو دوسری طرف کانگریس اور بی جے پی سے مل کر حکومت کے خلاف کام کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے کودنڈا رام کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف تنقید کریں۔ انہوں نے کہا کہ دانشور، استاد اور جے اے سی کی آڑ میں کودنڈا رام حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ غریبوں اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کے مقصد سے کام کرنے والی ٹی آر ایس حکومت پر کودنڈا رام کی تنقیدیں ان کے پس پردہ عزائم کو ظاہر کرتی ہیں اور اس بات کا پتہ چلتاہے کہ کون انہیں استعمال کررہا ہے۔ جے اے سی کے نام پر وہ کانگریس پارٹی کو اقتدار پر لانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور امریکہ کے دورہ کے موقع پر کودنڈا نے کن کن سے ملاقات
کی وہ اچھی طرح واقف ہیں اور بیرونی دورہ میں انہوں نے حکومت کے خلاف کس طرح اپنی رائے کا اظہار کیا تھا وہ بھی کسی سے مخفی نہیں ہے۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے کودنڈا رام کو تلنگانہ دروہی قرار دیا اور کہا کہ عوام انہیں مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کودنڈا رام اور ان کے ساتھیوں کی باتوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بہت جلد کودنڈا رام کے حقیقی چہرہ سے واقف ہوجائیں گے۔ انہوں نے جے اے سی صدر نشین کو انتباہ دیا کہ وہ حکومت کے خلاف اپنی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔ ٹی آر ایس حکومت کو عوام کی تائید حاصل ہے اور کودنڈا رام جیسے کئی لوگ مل کر بھی سازش کرلیں تو وہ حکومت کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

TOPPOPULARRECENT