Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کودنڈا رام کی حق بیانی سے حکومت کی بنیادیں دہل گئیں

کودنڈا رام کی حق بیانی سے حکومت کی بنیادیں دہل گئیں

ٹی آر ایس حکومت کی ناقص کارکردگی کے خلاف کانگریس کی مہم درست ثابت ، ملوروی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو روی نے کودنڈا رام کو حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کودنڈا رام کے حقائق بیان کرنے سے حکومت کی بنیادیں دہل گئی ہیں ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ملو روی نے کہا کہ کانگریس پارٹی گذشتہ دو سال سے حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے آشکار کررہی ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر پروفیسر کودنڈا رام کی جانب سے حکومت کی ناکامیوں پر آواز اٹھانے پر انہیں خاموش کرانے کے لیے سارے وزراء ، ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے ایک منظم سازش کے تحت ان پر تنقیدیں کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی توہین کی جارہی ہے ۔ حکومت تمام محاذوں پر پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔ 2 سال تک ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کودنڈا رام نے حکومت کی ناکامی اور عوام سے ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانی ہے ۔ اس کا جائزہ لینے کے بعد اپنی خامیوں اور عوام سے ہونے والی نا انصافیوں کو دور کرنے اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں پروفیسر کودنڈا رام نے ٹی آر ایس کا مکمل ساتھ دیا ۔ مختلف طریقوں سے تلنگانہ تحریک چلاتے ہوئے ٹی آر ایس کو زندہ رکھنے میں ا ہم رول ادا کیا اور تحریک کے دوران جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ان تمام انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کی تب تک کودنڈا رام ٹی آر ایس کے لیے اچھے تھے ۔ دو سالہ مایوس کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہی کودنڈا رام ٹی آر ایس کے لیے ویلن بن گئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی پروفیسر کودنڈا رام کی بھر پور تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر جو بھی سوال اٹھائے ہیں وہ حق بجانب ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی 2 سالہ کارکردگی مایوس کن ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ عوام کے توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT