Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کوسگی میں اشرار کی جانب سے شرپسندی کا واقعہ

کوسگی میں اشرار کی جانب سے شرپسندی کا واقعہ

مسلم نوجوانوں کا احتجاج، صبر و تحمل سے کام لینے ایس پی کی اپیل
نارائن پیٹ۔/14ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈیویژن کے منڈل کوسگی میں میلادالنبیؐ کے موقع پر اشرار کی جانب سے درگاہ حضرت اعظم علی شاہ قادریؒ کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا۔ آئے دن کوسگی میں فرقہ پرست عناصر پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب مذکورہ درگاہ کے اندر نامعلوم اشرار نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مردہ خنزیر کو پھینک کر راہ فرار اختیار کی۔ صبح کی اولین ساعتوں میں جب ایک شخص زیارت کے ارادہ سے اندر داخل ہوا تو منظر دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا اور یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے ٹاؤن میں پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی سینکڑوں مسلم نوجوان وہاں جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے۔ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر سرینواس ریڈی اور سرکل انسپکٹر مسٹر چندر شیکھر ریڈی نے کوسگی ٹاؤن کا دورہ کیا۔ آج صبح ضلع ایس پی محترمہ راما راجیشوری نے بھی کوسگی پہنچ کر حالات سے واقفیت حاصل کی اور مسلمانوں کو صبر سے کام لینے اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ بہت جلد خاطیوں کو گرفتار کرکے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے درگاہ کے اندر سے مردہ خنزیر کو ہٹادیا گیا اور درگاہ کی صفائی عمل میں لائی گئی۔ تادم تحریر کوسگی ٹاؤن کے حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہیں۔ نارائن پیٹ ٹاؤن میں بھی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاعات نہیں ہیں۔ ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر سرینواس ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مسلمانوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پولیس اشرار کی سرکوبی اور اس مذموم واقعہ میں ملوث افراد کو چاہیئے کہ وہ کسی بھی مرتبہ اور کسی بھی طبقہ کا ہوڈھونڈ نکالے گی اور اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT