Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / کولمبو میں پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر

کولمبو میں پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر

ہندوستان 50/2

کولمبو۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹسٹ کا پہلا دن بارش کے نام رہا اور دن میں صرف پندرہ اوورز کا کھیل ہو سکا۔کولمبو سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیتنے کے بعد ابرآلود موسم میں اپنے بولرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔سری لنکن بولر دھمیکا پرساد نے اپنے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے میچ کی دوسری ہی گیند پر لوکیش راہول کی وکٹیں بکھیر دیں۔ابھی ہندوستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اجنکیا رہانے نوان پرادیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔اس ابتدائی نقصان کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان ویراٹ کوہلی نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور مجموعے کو 50 رنز تک لے گئے۔اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے باعث کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کی راہ لینی پڑی۔اس کے بعد وقفے وقفے سے جاری بارش نے گراؤنڈ اسٹاف کی سخت محنت پر پانی پھیر دیا اور کڑی کوشش کے باوجود دن میں محض پندرہ اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔جب دن کے اختتامی لمحات میں ایک بار پھر بارش نے مداخلت کی تو امپائرز نے پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔جب کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے ہندوستان کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔اس کے بعد ہندوستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT