Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / کولمبو ٹسٹ میں ہندوستان 278 رنز سے کامیاب، سیریز برابر

کولمبو ٹسٹ میں ہندوستان 278 رنز سے کامیاب، سیریز برابر

کولمبو ، 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ کی سیریز کے دوسرے میچ کے آج یہاں پانچویں روز ہندوستان نے میزبانوں کو 278 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ 413 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستانی اوپنر لوکیش راہول کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔  ہندوستان کی جانب سے کامیاب ترین بولر روی چندرن اشوین رہے جنھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ امیت مشرا نے تین جبکہ اومیش یادو اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کل چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو 72 کے مجموعی اسکور کے ساتھ کرونارتنے 25 اور اینجلو میتھیوز 23 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ تاہم آج پانچویں روز سری لنکا کے بلے باز ہندوستانی اسپن بولروں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ صبح میں سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز میتھیوز رہے جو 23 رنز بنا سکے، اس کے بعد دنیش چندیمل 15، لاہیرو تھریمانے 11 اور جہان مبارک اور دمیکا پرساد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ کوشال 5 اور چمیرا چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کرونارتنے 46 رنز کے ساتھ اننگز کے نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمن کمار سنگاکارا اپنی آخری ٹسٹ اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور صرف 18 رنزبنا کر اشوین کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ پہلی اننگز میں انھوں نے 32 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کہ سنگاکارا ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور یہ ان کا آخری ٹسٹ میچ رہا۔ سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر کوشل سلوا تھے جو صرف ایک رن بنا کر اشوین کا ہی شکار بنے۔ اس سے قبل اتوار کو ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز اجنکیا رہانے کی سنچری اور مرلی وجے کی نصف سنچری کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنا کر ڈیکلیرڈ کردی تھی۔ ریہانے دس چوکوں کی مدد سے 126 رنز بنانے کے بعد تھریندو کوشل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ مرلی وجے نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی برتری دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تین میچوں کی اس ٹسٹ سیریز میں اب ایک، ایک فتح کے ساتھ سیریز برابر ہوگئی ہے۔ تیسرا ٹسٹ 28 اگسٹ سے کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT