Friday , August 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کوٹگیر میں قبرستان پر قبضہ کرنے کی ناکام کوشش

کوٹگیر میں قبرستان پر قبضہ کرنے کی ناکام کوشش

اکثریتی فرقہ کی شرانگیزی ، مسلمانوں کا احتجاج، پولیس کی مداخلت

کوٹگیر۔/9ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوٹگیر منڈل کے موضع پوتنگل میں اکثریتی طبقہ کی طرف سے مسلم قبرستان پر جبری قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ موضع کے مسلمانوں کی طرف سے قبضہ کے خلاف احتجاج کئے جانے پر بعض فرقہ پرستوں کی طرف سے حملہ کئے جانے پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں فرقوں کے افراد کو باز رکھا۔ اکثریتی و اقلیتی طبقہ  میں تناؤ کی اطلاع پاکر ڈی ایس پی بودھن مسٹر وینکٹیشورلو سرکل انسپکٹر سرینواسلو اور سب انسپکٹر کوٹگیر مسٹر بشیر احمد موقع واقعہ پر زائد پولیس دستوں کے ساتھ پہنچ کر حالات کو قابو میں کرلیا۔ جامع مسجد انتظامی کمیٹی پوتنگل کے نائب صدر جناب محمد مشتاق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پوتنگل موضع میں تالاب کے کٹہ سے متصل چھ ایکر اراضی پر قبرستان موجود ہے جس کا ریکارڈ وقف بورڈ کے علاوہ محکمہ مال میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قبرستان کی کھلی اراضی پر مسلسل قبضوں کے باعث قبرستان کی اراضی سکڑ کر صرف تین ایکر تک پہنچ گئی ہے اور اس بچی کچی اراضی کی حفاظت کیلئے کمیٹی کی طرف سے احاطہ کی دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن بعض فرقہ پرست افراد نے قبرستان کی اس بچی کچی تین ایکر اراضی پر احاطہ کی دیوار کے تعمیری کاموں میں مداخلت کرتے ہوئے کاموں کو روک دیا۔ جس کے باعث یہاں موضع پوتنگل میں تناؤ کا ماحول بن گیا ہے۔ جناب مشتاق نے کہا کہ مسجد انتظامی کمیٹی کا ایک وفد ضلع کلکٹر اور ریاستی وزیر پوچارم سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں صورتحال سے واقف کروایا۔ ریاستی وزیر زراعت مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات کرنے والے وفد میں سابق صدر جناب محمد گھڑو نائب سرپنچ محمد صابر اور صمدانی وغیرہ شامل تھے۔

TOPPOPULARRECENT