Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کوڑنگل میں استقبال ماہ محرم الحرام

کوڑنگل میں استقبال ماہ محرم الحرام

کوڑنگل۔17اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ محرم کی آمد کے ساتھ ہی متعلقہ متولیان کے ہاتھوں کوڑنگل میں واقع تمام عاشورخانہ جات کی آہک پاشی ‘ مورم اندازی و تزئین نو کے ساتھ ساتھ رنگ برنگی فواروں اور برقی قمقموں سے سجائے جانے کے بعد علم ایستادہ کئے گئے ہیں ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ کوڑنگل کے تمام عاشور خانے تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جن کی جڑیں قطب شاہی دور تک پھیلی ہوئی ہیں ۔ کوڑنگل میں محرم کو ایک قومی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ دیہاتوں اور قصبوں میں بھی بلالحاظ مذہب و ملت عام لوگ اس سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں ‘عقیدت کے پھول نچھاور کرنے ‘ دل کی مراد پانے اور ڈھٹیاں پیش کرنے کیلئے دور دراز مقامات گلبرگہ‘ احمد آباد ‘ شولاپور ‘ اچل کریم جی ‘ بیدر اور بھیونڈی وغیرہ سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ یہ لوگ علم حال صاحب ‘ امام قاسم علی عباس و حسنینؓ کی سواری مبارک کے موقع پر اپنی اپنی منتوں کی پذیرائی کیلئے سگرداں رہتے ہوئے فیض حاصل کرتے ہیں ۔ عاشورخانہ حال صاحب ‘ عاشورخانہ امام قاسم و علی عباس ‘ خونی الاوہ ‘ عاشور خانہ حسنین ‘ عاشورخانہ علی اصغر‘ الاوہ مٹھی پیر اور عاشورخانہ بارہ امام وغیرہ پر کمسن معتقدین کی غیر معمولی تعداد دیکھی جارہی ہے ۔ کوڑنگل کے ممتاز سماجی کارکن و خادم الاوہ حال صاحب محلہ جامع مسجد مسٹر عبدالوحید نے نمائندہ ’’سیاست‘‘ سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بتاریخ 20 اکٹوبر مطابق 6محرم بارہ بجے شب شواری علم مبارک حال صاحب برآمد ہوگا ۔ موصوف نے تمام مقامی و بیرونی معتقدین سے شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT