Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کوڑنگل میں شدید آبی بحران سے عام زندگی مفلوج

کوڑنگل میں شدید آبی بحران سے عام زندگی مفلوج

کوڑنگل 12 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل میں موجودہ طور پر شدید آبی بحران سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ لوگ پانی کے حصول کے لئے کافی تگ و دو کررہے ہیں مگر سعی ناکام ثابت ہورہی ہے۔ ویسے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں قدرتی آبی وسائل نہ ہونے سے ایک عرصہ سے زمین کا بہت بڑا حصہ بنجر زمین میں تبدیل ہوچکا ہے۔ عوام کو اِن دنوں پینے کے پانی کے لئے بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مستقر کوڑنگل میں اِن دنوں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ مثال کے طور پر صرف شانتی نگر کالونی میں گزشتہ ایک مہینہ میں پچاس بورویلس کی کھدائی عمل میں آئی ہے۔ بس اسٹانڈ کے دامن میں واقع اس کالونی میں تقریباً ایک سو مکانات ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں 14 بورویلس میں پانی کی سطح میں اچانک کمی سے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پانی کے اس بحران کے دور میں بیشتر کرایہ دار مکانات کا تخلیہ کرتے ہوئے دیگر کالونیوں کا رُخ کررہے ہیں۔ بعض لوگ دور دراز مقامات سے بیارلوں میں پانی خرید کر لارہے ہیں۔ موجودہ طور پر پانی کے حصول کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرجانے سے ایک ایک مکان میں تین تا چار بورویلس ڈالے جارہے ہیں۔ ایک ہزار فٹ کی گہرائی تک بھی کھدوائی بے سود ثابت ہونے پر دیگر حلقوں سے پانی خریدا جارہا ہے۔ موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی شدید آبی بحران سے زندگیاں دوبھر ہوچکی ہیں۔ اس کالونی میں گزشتہ دو دنوں میں پانی کی عدم موجودگی سے 14 بورویلس ناکارہ ہوگئے ہیں۔ بصورت دیگر یکے بعد دیگرے ٹینکروں کے ذریعہ پانی خریدا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں حلقہ اسمبلی کے دیگر منڈلوں کوسگی، مدور، دولت آباد اور ممبرس پیٹ میں بھی تقریباً یہی صورتحال ہے۔

TOPPOPULARRECENT