Thursday , May 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی کو نقصان‘اشون اور جڈیجہ ٹسٹ کے مشترکہ نمبرون بولر

کوہلی کو نقصان‘اشون اور جڈیجہ ٹسٹ کے مشترکہ نمبرون بولر

نئی دہلی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ا سٹار اسپنر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کا تحفہ آئی سی سی کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں چوٹی کا مقام حاصل کرکے ملا۔ یہ پہلا موقع بھی ہے جب دو اسپنروں نے مشترکہ طور پر ٹسٹ بولنگ میں نمبر ایک  مقام حاصل کیا ہے۔ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹسٹ ہارنے کے بعد دوسرے ٹسٹ کو چار دنوں کے اندر اندر ختم کرتے ہوئے 75 رن سے شاندار کامیابی اپنے نام کی تھی اور سیریز میں بھی 1-1 کی برابری حاصل کر لی ہے۔ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اثر آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی پر بھی ہوا ہے جس میں دونوں اسٹار اسپنر اشون اور جڈیجہ مشترکہ طور پر نمبر ون مقام پر پہنچ گئے ہیں۔بولنگ میںٹسٹ درجہ بندی میں تجربہ کار آف اسپنر اشون اپنے پہلے مقام پر برقرار ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر جڈیجہ کو بنگلور ٹسٹ میں سات وکٹ حاصل کرنے کی بدولت  چوٹی کا مقام ملا ہے۔ ٹسٹ سے پہلے جڈیجہ کی یہ کیریئر کی بہترین درجہ بندی  ہے۔ جڈیجہ کواپنی  کی کارکردگی سے 32 نشانات کا فائدہ ہوا ہے جبکہ اشون کو 14 نشانات کا فائدہ پہنچا ہے اور اب دونوں بولروں کے برابر 892 نشانات ہیں۔ اشون نے میچ میں آٹھ وکٹ لئے تھے۔آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی  میں یہ پہلا موقع ہے جب دو اسپنروں نے مشترکہ طور پر نمبر ایک مقام حاصل کیا ہے جبکہ نوسال کے بعد دو  بولروں کو مشترکہ طور پر پہلامقام ملا ہے۔ آخری مرتبہ اپریل 2008 میں جنوبی افریقہ کے  فاسٹ بولر  ڈیل اسٹین اور سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن مشترکہ طور پر  نمبرایک بولر بنے تھے۔

دریں اثناء ہندوستانی  ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی کو بیٹنگ کی  درجہ بندی میں ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ کوہلی کی اب تک آسٹریلیا کے خلاف دونوں ٹسٹ میچوں میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے دوسرے ٹسٹ میں 12 اور 15 رنز ہی بنائے جس کی وجہ سے وہ درجہ بندی میں ایک جگہ پھسل کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ساتھ ہی کوہلی کو 26 نشانات کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ بنگلور ٹسٹ سے پہلے ان کے 873 نشانات تھے لیکن اب ان کے 847 ہیں۔درجہ بندی میں چوٹی کے  10کھلاڑیوں میں ہندوستان کے دو بیٹسمینس ہی شامل ہیں جس میں کوہلی  تیسرے اور چتیشور پجارا 793 درجہ بندی نشانات کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔ 17 اور 92 رنز کی اہم اننگز کھیل کر کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے پجارا کو ان کی اس کارکردگی کی بدولت پانچ مقامات کا فائدہ ملا ہے اور وہ 11 ویں  سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ پجارا کو 45 نشانات کا بھی فائدہ ہوا ہے۔مہمان  آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ 936 درجہ بندی نشانات کے ساتھ بدستور پہلے مقام پر برقرار ہیں۔ وہیں انگلینڈ کے جیو روٹ کوہلی سے صرف ایک نشان کے فاصلے پر 847 نشانات لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ سب سے اوپر 20  ٹسٹ بیٹسمینوں میں ہندوستان  کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی اجنکیا رہانے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کو ان کے  52 رنز کی اننگز کی بدولت دو مقام کا فائدہ پہنچا ہے اور وہ اپنے 17 ویں مقام سے اب 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرس کی درجہ بندی میں اشون اپنے سرفہرست  مقام گنواکر دوسرے  نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوبارہ نمبر ون بن گئے ہیں۔اشون کے 434نشانات ہیں اور وہ شکیب سے سات نشانات پیچھے ہیں۔ وہیں جڈیجہ 360 درجہ بندی نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
یوم خواتین ‘ کوہلی کا ماں اور انوشکا کو پیغام
نئی دہلی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور کپتان ویراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کو سیریز میں برابری دلانے کے ایک دن بعد کچھ نئے انداز میں نظر آئے اور بین الاقوامی یوم خواتین پر اپنی ماں اور  انوشکا شرما کے لئے پیغام دیا۔کوہلی نے آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنی ماں اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور ان کے لئے اپنا پیغام دیا۔28 سالہ کوہلی نے لکھا تمام خواتین کوعالمی خواتین کی مبارکباد، لیکن میرا یہ پیغام میری زندگی میں خاص طور پر شامل دوخواتین کے لئے ہے۔انہوں نے کہا میری ماں جنہوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں ہمارے خاندان کا خیال رکھا اور انوشکا جو ہمیشہ نامساعد حالات کے باوجود میرے ساتھ کھڑی رہی ۔یاد رہے آسٹریلیا کے خلاف چار مقابلوں کی رواں ٹسٹ سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں کوہلی 20رنز کا انفرادی اسکور عبور نہ کرسکیںاور وہ مہمان ٹیم کے خلاف ایک بہتر اننگزکے ہنوز منتظر ہیں کیونکہ ناقص مظاہروںکی وجہ سے ٹسٹ درجہ بندی میں انہیں ایک مقام کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT