Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کویت میں ایم پی کویتا سے ہوشدار خان کی ملاقات

کویت میں ایم پی کویتا سے ہوشدار خان کی ملاقات

حیدرآباد ۔ /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) معروف این آر آئی جناب ہوشدار خان نے مسز کے کویتا رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے دورہ کویت کے دوران ان سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو دورہ کویت کی دعوت دی ۔ انہوں نے مسز کے کویتا سے ملاقات کے دوران بتایا کہ حکومت کویت کی جانب سے سرکاری طور پر چیف منسٹر تلنگانہ کو مدعو کرنے کے متعلق انڈو کویت فرینڈ شپ اسوسی ایشن کی جانب سے نمائندگی کی جائے گی ۔ جناب ہوشدار خان نے تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں بی سی کمیشن کے قیام کے اعلان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئیے ۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد مسز کے کویتا نے انہیں بتایا کہ حکومت تلنگانہ مسلمانوں کی ترقی فلاح و بہبود اور تحفظات کی فراہمی کے متعلق سنجیدہ ہے ۔ جناب ہوشدار خان نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائے جارہے 71 رہائشی اسکولوں کے قیام پر مسز کے کویتا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی اسکولوں کے آغاز سے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی ممکن ہوگی ۔ ان میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پروفیشنل کالجس کی فیس بازادائیگی کے علاوہ بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے طلباء کی فیس کی ادائیگی کے موضوع پر بھی مسز کے کویتا سے تفصیلی گفتگو کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فرزند مسٹر سیف خان موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT