Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / کپتان آفریدی کا آل راؤنڈ مظاہرہ‘پاکستان 55 سے کامیاب

کپتان آفریدی کا آل راؤنڈ مظاہرہ‘پاکستان 55 سے کامیاب

کولکتہ۔16مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) کپتان شاہد آفریدی کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ورلڈکپ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست 55 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں منعقدہ مقابلے میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو اوپنرز نے 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن تیسرے اوور میں شرجیل خان اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، شرجیل  نے  تیز رفتار 18 رنز بنائے۔بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 10 گیندوں کی اپنی اننگز میں دو چکھے اور ایک چوکا لگایا۔پہلی وکٹ کے  نقصان کے بعد حفیظ اور احمد شہزاد نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کی سنچری مکمل کی۔ حفیظ اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کیلئے 95 رنز کی اہم شراکت قائم کی، احمد شہزاد 52 رنز بنانے کے بعد صابر رحمن کو وکٹ دے بیٹھے۔ شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد آفریدی نے خود کو اوپر روانہ کیا ۔حفیظ اور شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 163 تک پہنچا دیا، حفیظ بنگلہ دیشی فیلڈر سومیا سرکار کے شاندار کیچ کے سبب 64 رنز بنانے کے بعد میدان سے باہر ہوئے۔حفیظ نے 42 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چکھوں کی اننگز میں تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ آفریدی نے محض19 گیندوں میں چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم وہ 2012 کے بعد اپنی پہلی نصف سنچری  مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے جبکہ عمر اکمل کوئی رنز نہ بنا سکے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے ہمالیائی نشانہ کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد عامر نے سومیا سرکار کی وکٹیں بکھیر دیں۔ دوسری وکٹ کے لئے تمیم اقبال اور صابر رحمن نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی،  ٹیم کے کپتان نے صابر کو بولڈ کردیا۔ ابھی اسکور 58 تک ہی پہنچا تھا کہ تمیم اقبال بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں وکٹ دے بیٹھے،آفریدی نے دوسری کامیابی حاصل کی۔عماد وسیم نے اپنے پہلے ہی اوور میں محموداللہ کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے سب سے تجربہ کار جوڑی شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم وکٹ پر یکجا ہوئے لیکن دونوں ہی کھلاڑی تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے جس کے سبب درکار رن ریٹ بتدریج بڑھتا گیا۔ مشفیق 21 گیندوں پر 18 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ شکیب نے 50 کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے آفریدی اور محمد عامر نے 27 رنز دے کر فی کس وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان شاہد آفریدی کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان کا اگلا میچ 19 مارچ کو میزبان ہندوستان سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT