Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / کپواڑہ میں فرضی جھڑپ کیخلاف دوسرے دن بھی ہڑتال

کپواڑہ میں فرضی جھڑپ کیخلاف دوسرے دن بھی ہڑتال

کپواڑہ25اگست (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک مبینہ فرضی جھڑپ کے دوران فوج کے ہاتھوں ایک جواں سال طالب علم کی ہلاکت کے خلاف اس سرحدی ضلع کے مختلف حصوں میں جمعہ کو مسلسل دوسرے دن مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج رہی۔ کشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی مبینہ فرضی جھڑپ کے اس واقعہ کی مجسٹریل انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ریاستی پولیس نے واضح کیا ہے کہ مہلوک نوجوان کا کائی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے ۔ اگرچہ کسی بھی علیحدگی پسند تنظیم نے ہڑتال کی کال نہیں دی تھی، تاہم باوجود اس کے ضلع کے مختلف حصوں میں آج مسلسل دوسرے دن بھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی۔بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج بری طرح سے متاثر رہا۔ سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات مسلسل دوسرے دن بھی منقطع رہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ اگرچہ ضلع کے کسی بھی علاقہ میں لوگوں کی نقل وحرکت پر کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری بدستور تعینات رکھی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT