Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / کپواڑہ میں فوج کے ہاتھوں دوپولیس ملازمین کی پٹائی

کپواڑہ میں فوج کے ہاتھوں دوپولیس ملازمین کی پٹائی

ایک ملازم کو شریک ِدواخانہ کرنا پڑا ۔ عام شہری کو فوجیوں سے بچانے کی کوشش کا شاخسانہ
سری نگر 19اگست (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں فوج نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سمیت جموں وکشمیر پولیس کے دو ملازمین کو زدوکوب کیا ہے ۔ یہ وادی کشمیر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیش آنے والا اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ 21جولائی کی رات وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں فوج کی 24 راشٹریہ رائفلز یونٹ نے پولیس تھانہ گنڈ میں داخل ہو کر جموں وکشمیر پولیس کے 8 اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کے علاوہ پولیس تھانے کی املاک کو بھی تہس نہس کردیا تھا۔ وادی میں فوج کے ہاتھوں ریاستی پولیس کے اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کے واقعات ایسے وقت سامنے آرہے ہیں جبکہ دونوں فورسز جنگجو مخالف آپریشنز شانہ بشانہ سر انجام دے رہے ہیں۔ شمالی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فوج کی 41راشٹریہ رائفلز یونٹ کے اہلکاروں نے کل شام دیر گئے ڈپٹی کمشنر آفس کپواڑہ کے قریب ایس ایچ او سمیت ریاستی پولیس کے دو ملازمین کو زدوکوب کا نشانہ بنایا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کے نزدیک گزشتہ شام فوجیوں نے ایک عام شہری کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی جس کو دیکھ کر شبیر احمد نامی پولیس جوان نے فوجیوں کو روکنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس اہلکار کی مداخلت سے فوجی اہلکار غصے میں آگئے اور شبیر احمد کو پیٹنا شروع کردیا۔انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکاروں نے یہاں تک کہ اپنی بندوقوں کا رُخ بھی پولیس اہلکار شبیر احمد کی طرف کیا۔ تاہم ایس ایچ او طارق احمد نے مذکورہ پولیس اہلکار کے سامنے کھڑے ہوکر فوجیوں سے کہا کہ وہ گولیاں پہلے اُن پر چلائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین تلخ کلامی کے دوران فوجیوں نے پولیس اہلکار شبیر احمد جو کہ مقامی پولیس اسٹیشن کا منشی بھی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایس ایچ او کو بھی زدوکوب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شبیر احمد کو اس قدر زدوکوب کیا گیا کہ انہیں ضلع اسپتال کپواڑہ میں داخل کرانا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ بعد میں پولیس اور فوج دونوں طرف کے سینئر عہدیداروں نے جائے مقام پر پہنچ کر معاملے کو ٹھنڈا کردیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کپواڑہ شمشیر حسین نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے طرفین کے مابین لڑائی کی تصدیق کی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ طرفین کے مابین معمولی نوعیت کی لڑائی ہوئی ہے اور اعلیٰ عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT