Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کپڑا بنک سے یومیہ 80 افراد کو ملبوسات کی فراہمی

کپڑا بنک سے یومیہ 80 افراد کو ملبوسات کی فراہمی

عطیہ دہندگان میں بھی جوش ، نیک کام میں حصہ لینے دوسروں کو بھی ترغیب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : روٹی ، کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں اور یہ تینوں چیزیں ایک دوسرے سے مربوط اور ایکدوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں ۔ دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ننگوں کو کپڑے مہیا کرنے پر بے تحاشہ اجر کی خوشخبری سنائی گئی ۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان اپنے غریب رشتہ داروں دوستوں اور پڑوسیوں کو ایسے ہی کپڑے یا ملبوسات مہیا کراتے جو خود زیب تن کرنا پسند کرتے تھے ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ایسے ہزاروں لوگ ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے جو اپنے جسم کو اچھے کپڑوں سے ڈھانکنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ ایسے میں سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ نے کپڑا بنک کا آغاز کیا ہے ۔ سکریٹری و ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ 27 اپریل کو عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء کی عمارت کے ایک حصہ میں اپنی نوعیت کے منفرد اس کپڑا بنک کا افتتاح عمل میں آیا اور الحمدﷲ یومیہ اوسط 80 افراد کو صاف ستھرے ملبوسات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ان میں نئے اور مستعملہ دونوں قسم کے کپڑے شامل ہیں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ لوگ بڑے ہی احترام کے ساتھ اپنے غریب بھائیوں ، بہنوں اور ان کے بچوں کے لیے کپڑے لاکر جمع کروا رہے ہیں ۔ اس بنک میں مردوں ، خواتین ، لڑکیوں اور بچوں کے ملبوسات موجود ہیں اور سفید راشن کارڈ گیرندوں کو یہ ملبوسات دئیے جارہے ہیں ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق خوشی اس بات کی ہے کہ ہمارے خوشحال لوگوں میں اس تعلق سے کافی شعور بیدار ہورہا ہے اور وہ اپنے دوست احباب کو بھی کپڑا بنک میں کپڑے جمع کروانے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT