Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کچرے کی بروقت نکاسی، وزیر بلدی نظم و نسق کی خصوصی توجہ

کچرے کی بروقت نکاسی، وزیر بلدی نظم و نسق کی خصوصی توجہ

عوامی شکایتوں کی وصولی کیلئے کے ٹی آر کا ٹوئٹر سے سہارا، بلدی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ ٹوئٹر کے استعمال کے ذریعہ شہر میں کچرے کی صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات میں مصروف ہیں اور سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ وہ عوام کی شکایات راست طور پر حاصل کرتے ہوئے اُنھیں فی الفور حل کرتے ہوئے شکایت کے ازالہ کی اطلاعات ٹوئٹر کے ذریعہ عوام تک پہنچارہے ہیں۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں کچرے کی عدم نکاسی اور صاف صفائی نہ ہونے کی شکایات عام تھیں لیکن ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ اپنے دونوں قلمدانوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوام کے معمولی مسائل کو حل کروانے کے لئے عہدیداروں کو متوجہ کروارہے ہیں اور عوامی شکایات کے حل کی اطلاع عوام تک پہنچاتے ہوئے ہونے والی کارروائی سے واقف بھی کروارہے ہیں جس کے سبب عوام میں مسٹر کے ٹی راما راؤ کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے۔ کے ٹی آر جوکہ ٹوئٹر پر شخصی اکاؤنٹس @KTRTRS کے نام سے رکھتے ہیں اور اُن کا بہ اعتبار عہدہ اکاؤنٹ @Min IT_Telangana ہے۔ وہ اپنے شخصی اکاؤنٹ @KTRTRS  پر موصول ہونے والی شکایات بالخصوص کچرے کی عدم نکاسی اور برقی سربراہی میں ہونے والے خلل پر فوری ردعمل بھی ظاہر کررہے ہیں۔ جس سے عوام میں یہ احساس پیدا ہورہا ہے کہ ریاستی وزراء راست طور پر اُن کی شکایات کی سماعت بذریعہ ٹیکنالوجی بالخصوص ٹوئٹر کے ذریعہ وصول کررہے ہیں اور اُس پر ردعمل بھی ظاہر کررہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ کے شخصی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 83,800 فال اوورس ہیں اور کے ٹی آر اپنی سرگرمیوں کے علاوہ عوامی شکایات پر کی گئی کارروائیوں کے علاوہ اپنی سرگرمیاں عوام تک پہنچاتے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں کے ٹی آر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کچرے سے متعلق شکایات کے علاوہ برقی سے متعلق شکایات پر اُن کے ردعمل دیکھنے مل رہے ہیں اور وہ عوامی تجاویز بھی حاصل کرتے ہوئے اُن پر ظاہر کئے جانے والے ردعمل کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران مسٹر کے ٹی راما راؤ نے شہر کے مختلف مقامات بالخصوص گڈی ملکاپور، رسالہ گڈہ میں کچرے کی عدم نکاسی پر وصول ہونے والی شکایات کو ٹوئٹر کے ذریعہ عہدیداروں تک پہنچاتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی اور شکایت کی یکسوئی کی تصاویر بھی ٹوئٹر کے ذریعہ عوام تک پہنچائی ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے دوسرے اکاؤنٹ @Min IT_Telangana پر 35,800 فال اوورس ہیں اور اُس اکاؤنٹ کے ذریعہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق سرگرمیوں و منصوبوں کو عوام تک پہنچاتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی کا یہ رجحان عوام کو راست اپنے مسائل حل کروانے کے لئے انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT