Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / کک سری لنکا کیخلاف فتح کے بعد پاکستان کا سامنا کرنے کو تیار

کک سری لنکا کیخلاف فتح کے بعد پاکستان کا سامنا کرنے کو تیار

لندن، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان السٹیر کک نے سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستان کی بولنگ کو بہترین قرار دیتے ہوئے اس کا سامنا کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹسٹ لارڈز میں کھیلا گیا جہاں گزشتہ روز آخری دن بارش کے باعث میچ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوا۔ تاہم پہلے دومیچوں میں کامیابی کے باعث میزبانوں نے سیریز 0-2 سے جیتی۔ انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں پہلے میچ میں ایک اننگز اور 88 رنز اور چیسٹر لی اسٹریٹ میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم سیریز میں وائٹ واش کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سریز میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کو پاکستان کے سوا دیگر بڑی ٹیموں سے ٹسٹ ٹروفی جیتنے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے 14 جولائی کو شروع ہونے والے ٹور کیلئے میزبانوں کو پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے۔

کک نے پاکستان کے ساتھ شاندار سیریز کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بہت اچھے فاسٹ بولر ہیں جن کیلئے اسپنر کا بھرپور ساتھ حاصل ہے لیکن ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانی ٹیم 18 جون کو انگلینڈ کیلئے روانہ ہوگی جہاں دورے کا آغاز 14 جولائی کو لارڈز میں پہلے ٹسٹ میچ سے کرے گی جس کیلئے پاکستانی ٹیم میں محمد عامر، وہاب ریاض سمیت لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا گیا۔ انگلش کپتان نے کہا: ’’ہم نے گزشتہ سال آسٹریلیا کی بولنگ کے خلاف بہت زیادہ رنز بنائے اور میرے خیال میں پاکستان کے خلاف یہ سیریز بہترین ہوگی۔‘‘ پاکستانی لیگ اسپنریاسر نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو سیریز میں 1-2 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ عامر نے 2010ء میں انگلینڈ میں کھیلی گئی سیریز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT