Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کھجور کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں، ہمہ قسم کے کھجور برآمد

کھجور کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں، ہمہ قسم کے کھجور برآمد

مصر، ایران، سعودی عرب اور عراق کے بھی کھجور کا اسٹاک، خریداری میں اضافہ
حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے لئے بازار میں کھجور کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور کھجور کے داموں میں سال گذشتہ کے اعتبار سے کوئی فرق نہیں آیا ہے بلکہ کھجور کے دام جوں کے توں ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بازاروں میں نہ صرف مقامی کھجور بلکہ مصر‘ ایران‘ سعودی عرب اور عراق کے کھجور بھی پہنچنے لگے ہیں۔ شہر میں جو کھجور دستیاب ہیں ان میں 60روپئے کے عام پینڈ کھجور سے 1500روپئے کیلو تک عجوہ کھجور دستیاب ہیں ۔ بیگم بازار کے علاوہ اب شہر کے مختلف علاقوں میں راست بیرون ملک منگوائے گئے کھجور فروحت کئے جانے لگے ہیں اور ان کھجوروں کی مانگ میں زبردست اضافہ بھی دیکھا جانے لگا ہے۔ دونوں شہرو ںمیں جو کھجور دستیاب ہیں ان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے کھجور میں کیمیاء شمار کیا جا رہا ہے جب کہ اس کے رخسانہ ‘ مدجول‘ کلیمی‘ سکری کے علاوہ دیگر کھجور بھی بہ آسانی دستیاب ہونے لگے ہیں۔ کھجور کے تاجرین کا کہنا ہے کہ شہر میں کھجور کی قیمت میں کوئی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی توقع نہیں ہے کیونکہ عالمی مارکٹ میں کھجور کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں کوئی اضافہ کے امکان ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں ہزاروں ٹن کھجور فروخت ہوتے ہیں اور شہر میں کئی تاجرین ماہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی طور پر کھجور کی تجارت کرتے ہیں ۔ بیرون ملک سے منگوائے جانے والے کھجوروں کی مانگ میں ہورہے اضافہ کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ حالیہ برسوں میں ان کھجوروں کی مانگ میں زبر دست اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ چھ ما ہ سے ہی کھجور منگواتے ہوئے کولڈ اسٹوریج میں جمع کئے جانے لگے ہیں ۔ان کھجوروں کے علاوہ بازار میں بادام‘ چاکلیٹ کے کھجور بھی فروخت کئے جانے لگے ہیں اور خشک میوہ جات کے کھجور بھی موجود ہیں لیکن ان کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے ۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے عروج پر ہونے کے باعث بھی ہندستان میں کھجور کی قیمتو ں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے جب کہ ہر سال رمضان المبارک سے قبل کھجور کی قیمت معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہے اور کھجور بازار میں وافر مقدار میں پہنچ چکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلی کھجور کی خریدی میں عوام کی عدم دلچسپی کے باوجود بھی اسرائیلی کھجور بازاروں میں دستیاب ہیں لیکن ان کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT