Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / کیا آپ تاج محل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں؟

کیا آپ تاج محل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں؟

حکومت سے سپریم کورٹ کا سوال
نئی دہلی ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ’’کیا آپ دنیا بھر میں مشہور تاج محل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ‘‘ ؟سپریم کورٹ نے آج حکومت سے یہ سوال کیا ۔ اترپردیش تا دہلی متھرا میں اضافی ریلوے لائین بچھانے کیلئے 400 سے زائد درختوں کی کٹائی کی اجازت حاصل کرنے کیلئے دائر کردہ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے یہ سخت ریمارکس کئے ۔ جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ یہ تاج محل دنیا کی مشہور یادگار ہے اور آپ (حکومت)اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں ؟ کیا آپ نے تاج محل کی حالیہ تصاویر دیکھی ہیں ؟ برائے مہربانی انٹرنیٹ پر یہ تصاویر دیکھیں ۔ بنچ نے کہا کہ اگر آپ ایسا (تاج محل کو تباہ کرنا) چاہتے ہیں تو پھر ایک حلفنامہ یا درخواست دیں جس میں کہا جائے کہ مرکزی حکومت تاج محل کو تباہ کرنا چاہتی ہے ۔ عدالت ماہر ماحولیات ایم سی مہتا کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کررہی تھی ۔ واضح رہے کہ تاریخی تاج محل کے اطراف و اکناف علاقے کے تحفظ پر عدالت کی نظر ہے ۔ مہتا نے مفاد عامہ کی درخواست میں تاج محل کو آلودہ گیسیس اور اطراف و اکناف کے علاقے میں ختم ہورہی سرسبز و شادابی سے بچانے کی خواہش کی ہے ۔ اس ضمن میں عدالت نے پہلے ضروری ہدایات دی تھیں ۔ ایک اور درخواست داخل کرتے ہوئے متھرا اور دہلی کے مابین اضافی ریلوے ٹریک کیلئے تقریباً 450 درختوں کو ختم کرنے کیلئے اجازت طلب کی گئی ہے ۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت آئندہ ماہ مقرر کی ہے ۔ مغل بادشاہ شاہ جہاں نے 1631ء میں تاج محل تعمیر کیا تھا جو یونیسکو کی عالمی ورثہ کی حامل عمارت ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT