Sunday , October 22 2017
Home / سیاسیات / کیرالہ میں سیاسی قتل کی وارداتیں بائیں بازو کو بے نقاب کررہی ہیں:امیت شاہ

کیرالہ میں سیاسی قتل کی وارداتیں بائیں بازو کو بے نقاب کررہی ہیں:امیت شاہ

نئی دہلی،8اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے کیرالہ میں پارٹی اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)کے کارکنوں کی سیاسی ہلاکتوں پر ریاست کی کمیونسٹ حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقوق انسانی کا ڈینگ مارنے والوں کی اصلیت کو بے نقاب کررہی ہیں۔مسٹر شاہ کیرالہ میں واقعات کے خلاف آج یہاں بی جے پی کی نکالی گئی ‘جن رکشا یاترا’ کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔بی جے پی صدر نے کہا کہ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے لوگ خود کو حقوق انسانی کا علمبردار سمجھتے ہیں کہ کیرالہ میں جس طرح کھلے عام بی جے پی اور آر ایس ایس کے کارکنوں کا قتل کیا جارہاہے وہ ان کی اصلیت کو بے نقاب کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی سہولت اور پسند کے حساب سے حقوق انسانی کی باتیں کرتے ہیں۔یہ حقوق انسانی اتنے ہی ‘حمایتی ہیں تو پھر کیرالہ میں اپنے لال بھائیوں’ کے خلاف موم بتی لیکر کیوں نہیں نکلتے ۔

بی جے پی صدر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کو شرم آنی چاہئے کیونکہ جب سے کیرالہ میں ان کی سرکار بنی ہے بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنوں کے 120سے زائدلوگوں کا قتل ہوچکا ہے ۔بیشتر قتل تو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے آس پاس ہوئے ہیں۔گولی مار کر قتل کیاجاتاہے لیکن ‘ہمارے کارکنوں کو تو ٹکڑے ٹکڑے ‘کردیا گیا۔اس سے زیادہ بہیمیت اور کیا ہوسکتی ہے لیکن پھر بھی ہم قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

کناٹ پلیس کے سینٹرل پارک سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے گول مارکیٹ میں واقع دفتر تک نکالی گئی دو کلو میٹر کی اس یاترا میں مسٹر شاہ کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر منوج تواری،دہلی انچارج شیام جاجو،پارٹی کے عہدیدار ،ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی،کارپوریشن کے کونسلرز اور ریاستی عہدیداران سمیت تقریباً 25 ہزار کارکنان شامل ہوئے ۔اپنی پارٹی کارکنوں کی مسلسل ہونے والی سیاسی ہلاکتوں کے خلاف بی جے پی نے تین اکتوبر کو کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کے آبائی ضلع کنور سے ‘جن رکشا یاترا’کی شروعات کی تھی۔مسٹر شاہ نے اس یاترا کا آغاز کیا تھا،جس کے بعد اس یاترا میں اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی شرکت کی تھی۔وہیں پارٹی کے دوسرے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر بھی اس یاترا میں الگ الگ مقامات پر شرکت کرتے رہے ہیں۔یہ یاترا 17اکتوبر تک چلے گی۔دراصل،کیرالہ میں کمیونسٹ پارٹی کی حکومت ہے جہاں آئے دن بی جے پی اور کمیونسٹ کارکنوں کے درمیان خونی لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں۔اس لڑائی میں کئی بی جے پی کارکنان مارے جاچکےc ہیں ۔بی جے پی نے اپنے کارکنوں کے خلاف ہونے والے ان واقعات کو سیاسی قتل قرار دیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT