Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / کیسرا میں منہدم کردہ عاشورخانہ کی تعمیر کیلئے وقف بورڈ سے رقمی منظوری

کیسرا میں منہدم کردہ عاشورخانہ کی تعمیر کیلئے وقف بورڈ سے رقمی منظوری

تعمیری کام کیلئے کمیٹی تشکیل، دیگر وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے سروے کروانے کا فیصلہ

حیدرآباد۔/22جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے میڑچل ضلع کے کیسرا منڈل میں ریونیو حکام کی جانب سے منہدم کردہ عاشور خانہ کی تعمیر کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار روپئے منظور کئے ہیں۔ تعمیری کام کی تکمیل کیلئے رکن وقف بورڈ نثار حسین حیدر آغا کی صدارت میں عارضی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی تعمیری کام کی نگرانی کرے گی اور تکمیل کے بعد وقف بورڈ کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی نے بتایا کہ ریونیو حکام نے وقف بورڈ کو اطلاع دیئے بغیر ہی انہدامی کارروائی انجام دی اور سڑک میں توسیع کا بہانہ بنایا۔ واضح رہے کہ عاشور خانہ شہزادہ امام قاسم کو ریونیو حکام نے 19 جولائی کو منہدم کردیا تھا جس کے بعد شیعہ تنظیموں نے وقف بورڈ پہنچ کر احتجاج کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے منہدمہ عاشور خانہ کی تعمیر کا تیقن دیا تھا جس کے بعد تخمینہ تیار کرتے ہوئے ایک لاکھ 10 ہزار روپئے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے بتایا کہ عارضی کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ تعمیری کام بہتر طور پر انجام دیئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں مزید تین اوقافی اراضیات ہیں جن میں ایک اراضی مشروط الخدمت ہے جس کے بارے میں غیر قانونی فروخت کرنے کی شکایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ذریعہ ان جائیدادوں کا سروے کرواتے ہوئے ان کا تحفظ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT