Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / کینیڈا سے آئندہ ماہ یورینیم کی پہلی کھیپ

کینیڈا سے آئندہ ماہ یورینیم کی پہلی کھیپ

ملک میں 21 نیوکلیئر ری ایکٹرس ، دیگر 6 زیرتعمیر
نئی دہلی۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو کینیڈا سے یورینیم کی پہلی کھیپ آئندہ ماہ وصول ہوجائے گی جس سے ملک میں نیوکلیئر توانائی کے ری ایکٹرس کی ایندھن کے حصول میں مدد ملے گی۔ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے کہا کہ ’’250 ٹن کینیڈیائی یورینیم کی پہلی کھیپ راستہ میں ہے اور ڈسمبر کے پہلے ہفتہ تک یہاں پہونچ جائے گی۔ یہ ایندھن چونکہ درآمد شدہ ہے، اس لئے خصوصی حفاظت یافتہ ری ایکٹرس میں استعمال کیا جائے گا‘‘۔ کینیڈا میں یورینیم کی سب سے بڑی کمپنی کیمکو کارپوریشن کے ساتھ طئے شدہ 350 ملین کینیڈیائی ڈالر کی اس معاملت سے ہندوستان کو آئندہ پانچ سال کے دوران 3,220 میٹرک ٹن یورینیم کی سربراہی یقینی بنائی گئی ہے۔ ہند ۔ کینیڈا نیوکلیئر سمجھوتہ پر 2010ء میں دستخط کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی طرف سے نیوکلیئر بم تیار کئے جانے کے بعد کینیڈا نے 1970ء کی رہائی میں ہندوستان کو یورینیم اور نیوکلیئر ہارڈویر کی برآمدات پر امتناع عائد کردیا تھا۔ ہندوستان میں فی الحال 21 نیوکلیئر ری ایکٹرس کارکرد ہیں، دیگر 6 زیرتعمیر ہیں۔ ہندوستان میں رواں سال ریکارڈ 1,252 میٹرک ٹن یورینیم پیداوار درج کی گئی جو ملک کے ایٹمی ری ایکٹرس کیلئے درکار سالانہ ایندھن سے دوگنی ہے۔ کینیڈا کے علاوہ روس اور قازقستان سے بھی ہندوستان اپنے دیسی ری ایکٹرس کیلئے یورینیم خرید رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT