Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / کیوی بیٹسمن ٹیلر کے آسٹریلیا میں ریکارڈ 290 رنز

کیوی بیٹسمن ٹیلر کے آسٹریلیا میں ریکارڈ 290 رنز

واکا کی ’بے جان‘ وکٹ پر یکے بعد دیگر سنچریاں ۔ نیوزی لینڈ کے 624 کے بعد آسٹریلیا 258/2
پرتھ ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بیاٹ کا گیند پر غلبہ بدستور جاری رہا جیسا کہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے مقابل دوسرے ٹسٹ کے آج یہاں واکا گراؤنڈ میں چوتھے روز دوسری اننگز کی سبقت کو معقول حد تک آگے بڑھا لیا ہے۔ راس ٹیلر کے کریئر کے بہترین 290 رنز کے بعد جو آسٹریلیا میں کسی دورہ کنندہ بیٹسمن کا اب تک کا اعظم ترین اسکور ہے جس نے نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کی سبقت دلائی، میزبان کپتان اسٹیو اسمتھ اور آڈم ووجس نے بھی سنچریاں بنائیں جس کی مدد سے ہوم ٹیم کچھ غیراطمینان بخش شروعات کے بعد سنبھل گئی۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 258/2 اسکور کرلئے تھے، جس میں اسمتھ 131 اور ووجس 101 پر ناٹ آؤٹ ہیں اور میزبانوں کو 193 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہے۔ یہ اسمتھ کی 12 ویں اور اس سال کی پانچویں سنچری ہے لیکن دوسری اننگز میں یہ پہلا سیکڑہ ہے۔ 36 سالہ ووجس کیلئے یہ ان کی صرف دوسری سنچری ہے۔ اگرچہ یہ میچ بے جان وکٹ پر ڈرا کی سمت بڑھتا نظر آرہا ہے لیکن آسٹریلیا کو امید ہوگی کہ کل آخری روز اپنی دوسری اننگز ڈیکلیر کرکے کیویز کو معمولی اسکور پر آؤٹ کریں۔ آسٹریلیا تین ٹسٹ کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ قبل ازیں آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے 559/9d کے جواب میں کیویز لنچ سے عین قبل 624 پر آل آؤٹ ہوئے۔ یہ کیویز کا اپنے پڑوسی حریفوں کے خلاف اعظم ترین اسکور ہے جو ٹیلر کی زبردست اننگز اور کین ولیمسن کے 166 رنز کے بل بوتے پر ممکن ہوا۔ ٹیلر سب سے آخر میں آؤٹ ہوئے جبکہ انھوں نے کوشش کی کہ کیپٹن برینڈن مک کلم (302 رنز بمقابلہ ہندوستان) کی صف میں دوسرے ٹریپل سنچورین کے طور پر شامل ہوجائیں۔

TOPPOPULARRECENT