Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / کے بی آر پارک کو مکرم جاہ بہادر کے نام موسوم کرنے کی حمایت

کے بی آر پارک کو مکرم جاہ بہادر کے نام موسوم کرنے کی حمایت

جناب عابد رسول خاں کو دستخطی مہم شروع کرنے رانی اندرا دھنراج گیرجی کا مشورہ
حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) کے بی آر پارک کو نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر آصف سادس کے نام سے موسوم کرنے کی سفارش کرنے پر رانی اندرا دھنراج گیر جی نے صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن جناب عابد رسول خاں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن سے خواہش کی کہ وہ اِس سلسلہ میں دستخطی مہم کا آغاز کریں تاکہ مکرم جاہ بہادر جو جائیداد حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی ہے، اُن جائیدادوں میں شامل چیریان پیالس اور موجودہ کے بی آر پارک کو اُن کے نام سے موسوم کیا جاسکے۔ رانی اندرا دھنراج گیر جی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ سابق میں وہ متعدد مرتبہ حکومتوں سے اِس سلسلہ میں نمائندگی کرچکی ہیں تاکہ حکومت آصف جاہی سلاطین کے چشم و چراغ مکرم جاہ بہادر کے نام سے اِس پارک کو موسوم کریں۔ واضح رہے کہ چند یوم قبل صدرنشین اقلیتی کمیشن کی جانب سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اِس بات کی خواہش کی گئی تھی کہ کے بی آر کے موجودہ نام کو تبدیل کرتے ہوئے مکرم جاہ بہادر کے نام سے موسوم کیا جائے۔ محترمہ اندرا دھنراج گیر نے بتایا کہ مکرم جاہ بہادر سے اُس وقت کی حکومت نے اُن کی جائیدادیں حاصل کرلی ہیں جو اب بھی حکومت کی ملکیت ہے جس میں ایک چھوٹا سا حصہ چیریان پیالس مکرم جاہ کے زیر تصرف ہے۔ جو جائیداد حاصل کی گئی ہے اُس جائیداد پر قائم کردہ پارک کو مکرم جاہ کے نام سے موسوم کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس سلسلہ میں مہم کا آغاز کیا جانا چاہئے تاکہ آصف جاہی سلاطین کی شہر حیدرآباد میں یادوں کو برقرار رکھا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT