Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے مقصد سے اقامتی اسکولس کا قیام

کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے مقصد سے اقامتی اسکولس کا قیام

529 اسکولس میں چند میں تعلیم کا آغاز ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا اسمبلی میں بیان

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت تلنگانہ نے 529 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے ہیں جن میں چند ریزیڈنشیل اسکولس میں تعلیم کا آغاز ہوگیا ہے ۔ چند ریزیڈنشیل اسکولس میں جاریہ تعلیمی سال سے تعلیم کا آغاز ہوگا ۔ وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی مدھوکر ، چنیا کانگریس کے رکن اسمبلی چناریڈی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ٹی ار ایس کے انتخابی منشور میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ حکومت اس پر عمل آوری کررہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر غریب طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی معیاری انگریزی تعلیم فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں ۔ آزادی سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل تک ریاست میں صرف 298 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے تھے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے صرف 2 سال میں 529 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے ہیں گذشتہ سال 71 میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے جاریہ سال 130 میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ساتھ ہی ہر اسمبلی حلقہ میں ایک جملہ 119 بی سی ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ٹیچنگ نان ٹیچنگ اسٹاف کا تقرر کرنے کے کلکٹرس کو اختیارات دئیے گئے ہیں ۔ گدشتہ سال پرائمی سطح سے 5000 اسکولس میں انگریزی میڈیم تعلیم کا آغاز کیا گیا ۔ جاریہ سال سے مزید 5 ہزار اسکولس میں انگریزی میڈیم کی تعلیم شروع کی جائے گی ۔ جملہ 7 لاکھ طلبہ انگریزی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری تعلیمی اداروں میں عوام کے بھروسے کو بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی جی چناریڈی نے آنگن واڑی اسکولس میں کے جی ۔ نرسری تعلیم شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ وہ بہت جلد وزیر خواتین و اطفال کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس تجویز پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے کیوں کہ کئی آنگن واڑی اسکولس کو پرائمری اسکولس میں منتقل کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT