Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر اور وائی رام کرشنوڈو کے درمیان راز کی بات چیت

کے سی آر اور وائی رام کرشنوڈو کے درمیان راز کی بات چیت

حیدرآباد ۔ 14۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وجئے واڑہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور آندھراپردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو کے درمیان کچھ دیر تک علحدگی میں بات چیت ہوئی جس نے دونوں ریاستوں کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ کے سی آر 23 ڈسمبر سے شروع ہونے والے چنڈی مہا یگنم میں چندرا بابو نائیڈو کو مدعو کرنے کے لیے بذریعہ ہیلی کاپٹر وجئے واڑہ پہنچے ۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر روانہ ہوئے اور چندرا بابو نائیڈو کے کیمپ آفس کے قریب وجئے واڑہ میں لینڈنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وجئے واڑہ کے ہیلی پیاڈ پر کے سی آر کے پہنچتے ہی آندھراپردیش کے وزراء وائی رام کرشنوڈو ، آر کشور بابو اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ  ہیلی پیاڈ پر کے سی آر نے کچھ دیر تک وائی رام کرشنوڈو سے علحدگی میں بات چیت کی ۔ دونوں قائدین کافی سنجیدگی سے گفتگو کرتے دیکھے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے وجئے واڑہ میں نئے دارالحکومت کی تعمیر کے بارے میں بات چیت کی۔ وائی رام کرشنوڈو نے انہیں امراوتی کی تعمیر کیلئے کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔ اس طرح طویل عرصہ کے بعد کے سی آر کو آندھرائی قائدین کے ساتھ خوشگوار انداز میں بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وجئے واڑہ پہنچ کر چندرا بابو نائیڈو کو شخصی طور پر مدعو کیا جانا دونوں ریاستوں میں بہتر تعلقات کا آغاز تصور کیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT