Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر جیسا چیف منسٹر تلنگانہ کیلئے خوش نصیبی: ڈی سرینواس

کے سی آر جیسا چیف منسٹر تلنگانہ کیلئے خوش نصیبی: ڈی سرینواس

حیدرآباد۔/9ستمبر، ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس لیڈر اور ٹی آر ایس حکومت کے بین ریاستی امور کیلئے خصوصی مشیر ڈی سرینواس نے آج کہا ہے کہ تلنگانہ کی یہ خوش نصیبی ہے کہ اسے کے چندر شیکھر راؤ جیسا چیف منسٹر ملا۔ نظام آباد میں آج ٹی آر ایس کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کی ترقی اور عوام کی بہبود کیلئے ممکنہ کوشش کررہے ہیں، وہ ریاست کو ترقی دینے کے سلسلہ میں غیر معمولی منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس اجلاس میں کے کویتا رکن پارلیمنٹ بھی شریک تھیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کانگریس، تلگودیشم اور بی جے پی پر حکومت کو غیرضروری تنقیدوں کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس قائدین بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ بی جے پی جو ایک قومی جماعت ہے لیکن وہ حلیف تلگودیشم کی ذیلی جماعت کا رول ادا کررہی ہے۔ تلنگانہ کے بی جے پی صدر کشن ریڈی آندھرا قائدین کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے کئی قائدین نے چیف منسٹر کے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ ہونے کی بنا ہم نے آندھرا پردیش ارکان پارلیمنٹ کی حیثیت سے اسوقت حلف نہیں لیا جب تک تلنگانہ گزٹ جاری نہیں کیا گیا۔ کویتا نے کہا کہ بی جے پی ایک مرکزی جماعت ہے اس کے باوجود وہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے سلسلہ میں مرکز پر دباؤ ڈالنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT