Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر حکومت کیخلاف عوام میں شدید ناراضگی ،تلنگانہ میں اعلیٰ طبقہ کی حکومت: ویرا بھدرم

کے سی آر حکومت کیخلاف عوام میں شدید ناراضگی ،تلنگانہ میں اعلیٰ طبقہ کی حکومت: ویرا بھدرم

حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) سیکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ ٹی ویرا بھدرم نے کہا کہ عوامی اعتماد حاصل کرنے والے ہی متبادل کے طور پر اُبھرتے ہوئے ترقی حاصل کریں گے اور کہا کہ تلنگانہ کیلئے ’’باہوبلی‘‘ سماجی انصاف ہی ثابت ہوگا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویرا بھدرم نے ٹی آر ایس کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاستی حکومت درحقیقت عوامی حکومت ہرگز نہیں ہے بلکہ ’’دورالا پرابھوتوم‘‘ (اعلیٰ طبقات کی حکومت) ہے۔ ٹی ویرا بھدرم جنہوں نے گزشتہ دن ہی اپنی طویل مہاجنا پدیاترا مکمل کی تھی۔ پدیاترا کی کامیابی کا ادعا کیا اور بتایا کہ ہر جگہ عوام نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا اور حکومت کے خلاف اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے انہیں درپیش مختلف مسائل سے واقف کروایا۔ انہوں نے اس بات کا ادعا کیا کہ وہ اپنی طویل پدیاترا کے ذریعہ تمام سماجی طاقتوں کو متحد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ سیکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کے طرز حکمرانی سے عوام میں زبردست مایوسی جارہی ہے اور اپنی اس مایوسی اور حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا عوام آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں کھل کر اظہار کریں گے۔ ٹی ویرا بھدرم نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دو ماہ تا ڈھائی ماہ کے دوران ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں سے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور اجتماعی و متفقہ منصوبہ مرتب کریں گے یہی نہیں بلکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین ایک وسیع تر اتحاد پیدا کرنے کی سعی کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT