Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کو ان کی دختر کویتا نے نا اہل چیف منسٹر تسلیم کرلیا

کے سی آر کو ان کی دختر کویتا نے نا اہل چیف منسٹر تسلیم کرلیا

کسانوں کے ساتھ تعاون کرنے کا پیشکش ، مدھو گوڑیشکی سابق کانگریس ایم پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ خود کشی کرنے والے کسانوں کو اپنی تنظیم کے ذریعہ تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے والد کے سی آر نا اہل چیف منسٹر ہونے کا انکی دختر کویتا نے خود اعتراف کرلیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز کویتا نے بالراست اعتراف کرلیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت خود کشی کرنے والے کسانوں کے افراد خاندان کو سہارا دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ اس لیے انہوں نے اپنی تنظیم جاگرتی کے ذریعہ متاثرہ کسانوں کے افراد خاندان کو مالی تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا سے استفسار کیا کہ حکومت کے ہوتے ہوئے ایک رضاکارانہ تنظیم کیوں معاوضہ ادا کرے گی ۔ اس تنظیم کو فنڈز کہاں سے وصول ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کو ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ صرف ایراولی ، اور نرسا پیٹ مواضعات کو ماڈل گاوں کی طرز پر ترقی یا اپنے فارم ہاوز میں ادرک کی پیداوار پر ساری توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ۔ مسٹر مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ایک رضاکارانہ تنظیم تشکیل دیتے ہوئے کویتا نے ڈرا دھمکا کر بلیک میل کر کے فنڈز اکٹھا کیے اقتدار حاصل ہونے کے بعد بیرونی ممالک کی تنظیموں اور کنٹراکٹرس اور تاجرین کو بلیک میل کرتے ہوئے کروڑہا روپئے وصول کررہی ہیں اپنی تنظیم کو سرخیوں میں رکھنے کے لیے کسانوں کو مالی تعاون کرنے کا تماشہ کررہی ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسٹر کویتا کو اپنی اوقات میں رہ کر بات کرنے پر زور دیا ۔ ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اگر کویتا کو کسانوں سے ہمدردی ہے تو وہ حکومت کی جانب سے بتکماں تہوار کے لیے منظور کردہ 10 کروڑ روپئے کسانوں کو فراہم کردیں جس سے سینکڑوں کسانوں کو راحت ہوگی ۔ مدھوگوڑ یشکی نے کہا کہ سینکڑوں کسان خود کشی کرچکے ہیں ان کے ارکان خاندان غمزدہ ہیں ۔ ان کے غم میں برابر کی شریک ہونے کے بجائے مسز کویتا بتکماں جشن مناتے ہوئے ان کے جذبات کو مزید ٹھیس پہونچا رہی ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT