Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کو سرفہرست چیف منسٹر کا درجہ ، تعجب ہے ؟

کے سی آر کو سرفہرست چیف منسٹر کا درجہ ، تعجب ہے ؟

نمبرون کا درجہ ایک منظم سازش ، تلگودیشم لیڈر ریونت ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ /18 جولائی (سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ریونت ریڈی نے فارم ہاؤز تک محدود رہنے والے کے سی آر کو کارکردگی کی بنیاد پر ملک میں سرفہرست چیف منسٹر کا مقام حاصل ہونے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کو ٹی آر ایس کی محاذی تنظیمیں قرار دیا ہے اور ان جماعتوں کی تلنگانہ کے عوام کو ضرورت نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔  آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ نظم و نسق کے ہیڈ کوارٹر سکریٹریٹ سے دور رہنے اور فارم ہاؤز میں غراٹے لینے والے کے سی آر کو وزیراعظم کے سروے میں کارکردگی کی بنیاد پر ملک کے سارے چیف منسٹرس میں نمبر ون مقام حاصل ہونے پر تعجب کا اظہار کیا ۔ بی جے پی نے ایک منظم سازش کے تحت کے سی آر کو نمبر ون چیف منسٹر ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ ریاست میں کئی عوامی مسائل ہیں ۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے ۔ ایک لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو دھوکہ دیا گیا ۔ کسانوں کے قرضہ جات کی بروقت عدم ادائیگی سے بنکرس کسانوں کو نئے قرضہ جات جاری کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ طلبہ کی فیس ریمبرسمنٹ جاری نہیں کی گئی ہے ۔ خواتین کو کابینہ میں نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ وعدے کے مطابق مسلمانوں اور قبائیلی طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔ حصول اراضیات کے معاملت میں کسانوں سے حق تلفی کی جارہی ہے ۔ قانون حصول اراضی 2013 ء کو نظرانداز کرتے ہوئے جی او 123 پر عمل کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ جس کی تلگودیشم پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کام نہ کرنے کے باوجود بی جے پی چیف منسٹر کو بہتر کارکردگی کا سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے خوش کررہی ہے ۔ دوسری طرف قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی 5 روپئے کھانے کی اسکیم اور ہریتا ہرم پروگرام کی ستائش کررہے ہیں ۔ صدر کانگریس اتم کماری ریڈی حکومت پر بدعنوانیاں کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے والے جماعتوں کی تلنگانہ عوام کو ضرورت بھی نہیں ہے ۔ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے طلبہ نے قربانی دی ہے ۔ مگر اقتدار کے مزے کے سی آر کے ارکان خاندان اٹھارہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT