Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کے وجئے راما راؤ کا ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا عزم ،عنقریب کے سی آر سے ملاقات

کے وجئے راما راؤ کا ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا عزم ،عنقریب کے سی آر سے ملاقات

سابق وزیر و سی بی آئی ڈائرکٹر سے کے ٹی راما راؤ کی ملاقات پر مثبت ردعمل ، ٹی آر ایس کا آپریشن آکرشن
حیدرآباد۔/12ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائد سابق وزیر اور سی بی آئی کے سابق ڈائرکٹر کے وجئے راما راؤ نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیاہے۔ وہ اندرون دو یوم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج وجئے راما راؤ کی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے راما راؤ کی پارٹی میں شمولیت سے اتفاق کے بعد کے ٹی آر نے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تاہم چیف منسٹر کی موجودگی میں رسمی شمولیت اختیار کی جائے گی۔ کے ٹی آر سے بات چیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو وجئے راما راؤ نے بتایا کہ آئندہ دو دنوں میں کے سی آر سے ملاقات کے بعد وہ اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر ٹی آر ایس نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی پارٹی میں شمولیت کیلئے آپریشن آکرشن شروع کیا ہے جس کے تحت کانگریس اور تلگودیشم کے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین کو پارٹی میں شامل کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر جو گریٹر حیدرآباد انتخابی مہم اور انتخابی حکمت عملی کے انچارج ہیں وہ اپوزیشن قائدین سے مسلسل ربط میں ہیں اور وجئے راما راؤ کو پارٹی میں شمولیت کیلئے راضی کرنے میں انہوں نے اہم رول ادا کیا۔ وجئے راما راؤ نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے کانگریس کے سینئر قائد پی جناردھن ریڈی کو شکست دی تھی جس کے بعد انہیں چندرا بابو نائیڈو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، وہ فی الوقت تلگودیشم پارٹی کے خیریت آباد حلقہ کے انچارج تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے راما راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی اسکیمات، ان پر عمل آوری اور کے سی آر حکومت کے نظم و نسق سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے جن ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان سے خود کو وابستہ کرتے ہوئے وہ خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے نئی ریاست تلنگانہ میں کئی غیر معمولی اسکیمات کا آغاز کیا اور غریبوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی کارکردگی سے وہ بے حد متاثر ہیں۔ وجئے راما راؤ نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد انہیں پارٹی کی جانب سے جو بھی ذمہ داری دی جائے گی وہ اسے بخوبی نبھائیں گے۔ وجئے راما راؤ کی شمولیت سے پارٹی کو امید ہے کہ نہ صرف حلقہ اسمبلی خیریت آباد بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ٹی آر ایس مضبوط ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT