Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / کے ٹی آر ، بین الاقوامی کانفرنس میں مدعو

کے ٹی آر ، بین الاقوامی کانفرنس میں مدعو

کولمبو میں وزیر آئی ٹی کو ہندوستان کی نمائندگی کا اعزاز
حیدرآباد ۔ 18۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو حکومت سری لنکا نے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے۔ ہیومن کیپٹل سمٹ 2016 ء میں کے ٹی راما راؤ کو کلیدی خطبہ دینے کی دعوت دی گئی ہے جسے انہوں نے منظور کرلیا ہے۔ 11 اور 12 اگست کو کولمبو میں یہ سمٹ ہوگا جس کا افتتاح وزیراعظم سری لنکا رانیل وکرما سنگھے کریں گے۔ صدرنشین نیشنل ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سری لنکا دنیش ویرکبوڈی نے کے ٹی راما راؤ کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ انہیں انسانی وسائل سے متعلق ہندوستان کے تجربات جیسے اہم موضوع پر کلیدی خطبہ دینا ہے۔ کے ٹی راما راؤ کو بین الاقوامی سطح پر یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ہندوستان کی نہ صرف نمائندگی بلکہ سمٹ میں ان کا کلیدی خطبہ ہوگا۔ ورلڈ بینک ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور آئی ایل او کے اشتراک سے حکومت سری لنکا اس سمٹ کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد سری لنکا کی معاشی ترقی کے منصوبہ کی تیاری کیلئے انسانی وسائل کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ اسی کی بنیاد پر حکومت سری لنکا قومی ایجنڈہ تیار کرے گی۔ کے ٹی راما راؤ کے کلیدی خطبہ میں اس بات کا احاطہ کیا جائے گا کہ کس طرح ہندوستانی نظم و نسق نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا ہے اور ہندوستانی معیشت کے استحکام میں انسانی وسائل کے رول کا کلیدی خطبہ میں احاطہ کیا جائے گا۔ ورلڈ بینک کے ڈائرکٹر ڈاکٹر امیت ڈار بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں سری لنکا میں سیاحت ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، کنسٹرکشن اینڈ مینوفیکچرنگ اور اکسپورٹ آف میان پاور جیسے موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ سری لنکا کی حکومت 2020 ء تک روزگار کے ایک لاکھ مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT