Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کے ٹی آر بچہ نہیں ، تیز گام چیتا ہیں

کے ٹی آر بچہ نہیں ، تیز گام چیتا ہیں

وزیر آئی ٹی پر تنقیدیں مسترد ، ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔ 6 ۔ اپریل ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے اپوزیشن کی جانب سے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ پر تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر چھوٹے بچے نہیں بلکہ ایک تیز گام چیتا ہیں، جنہوں نے کبھی ناکامی کا سامنا نہیں کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد انتخابات میں کے ٹی آر نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور کانگریس پارٹی کا حیدرآباد سے صفایا ہوگیا جبکہ حیدرآباد میں اسے سابق میں مضبوط موقف حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے تلنگانہ عوام کے لئے کئی منفرد اسکیمات کی تجویز پیش کی اور کابینہ نے اسے منظوری دی۔ اس طرح کے ٹی راما راؤ تلنگانہ عوام کی بھلائی کی فکر کرنے والی شخصیت کا نام ہے۔ انسانی وسائل کی ترقی کیلئے کے ٹی آر کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین نچلے درجہ کی سیاست پر اتر آئے ہیں اور بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی سے عوامی تائید حاصل نہیں ہوگی بلکہ عوام کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی اور ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیراب کرنے کے مقصد سے حکومت تعاون کررہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں آبپاشی پراجکٹ پر پاور پوانٹ پریزینٹیشن پیش کیا تو کانگریس قائدین نے شرکت نہیں کی لیکن آج آبپاشی پر علحدہ پریزینٹیشن کی بات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ پریزینٹیشن سے قبل کانگریس پارٹی کو آبپاشی پراجکٹس میں کی گئی دھاندلیوں پر عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے پراجکٹ کے ساتھ ناانصافی کی گئی لیکن کانگریس قائدین خاموشی اختیار کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے۔ لہذا کانگریس قائدین کو تنقیدوں کے بجائے تعمیری تجاویز پیش کرنی چاہئے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس ، تلگو دیشم اور دیگر اپوزیشن کیلئے 2019 ء کے انتخابات میں بھی کوئی موقع نہیں ہے کیونکہ عوام نے ان جماعتوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT