Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کے ٹی آر سے تملا ناگیشور راؤ کی ملاقات ، پالیرو ضمنی چناؤ میں انتخابی مہم

کے ٹی آر سے تملا ناگیشور راؤ کی ملاقات ، پالیرو ضمنی چناؤ میں انتخابی مہم

کامیابی کے لیے چیف منسٹر پر عزم ، وزیر آئی ٹی کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے مسئلہ پر وزیر عمارات و شوارع تملا ناگیشور راؤ سے بات چیت کی۔ دونوں وزراء کی یہ ملاقات کافی اہمیت کی حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر نے پالیرو اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے اپنے فیصلہ سے واقف کرایا۔ اس حلقہ کا ضمنی چناؤ ٹی آر ایس کیلئے وقار کا مسئلہ بن چکا ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسی بھی صورت میں پارٹی کی کامیابی کا تسلسل برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔ ناگیشورراؤ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے پالیرو اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے بعد سے ٹی آر ایس کی کامیابیوں کا تسلسل جاری ہے اور ہر الیکشن میں پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کریم نگر اور ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخابات، گریٹر حیدرآباد، ورنگل اور کھمم بلدی انتخابات اور نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ میں پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ حال ہی میں سدی پیٹ میونسپلٹی پر بھی ٹی آر ایس کا قبضہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور تملا ناگیشورراؤ کھمم کی ترقی کیلئے اپنی مساعی کے ذریعہ ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناگیشوراؤ نے ضلع کھمم کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں ٹی آر ایس کافی مضبوط ہوئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی نے پالیرو اسمبلی حلقہ کے سلسلہ میں جو سروے کرائے تھے وہ ٹی آر ایس کے حق میں آئے ہیں اور اس سے صاف ظاہر ہے کہ عوام کی رجحان ٹی آر ایس کی طرف ہے۔ سروے کے مطابق ہی سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد تملا ناگیشورراؤ کے نام کو قطعیت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی اپنے امیدوار کھڑا کرے لیکن کامیابی صرف ٹی آر ایس کی ہوگی۔ 2014سے آج تک کھمم میں ٹی آر ایس کا موقف کافی مضبوط ہوا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 27اپریل کو کھمم میں ٹی آر ایس کے پلینری سیشن کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اچانک الیکشن کمیشن نے ضمنی چناؤ شیڈول کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پلینری سیشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن پلینری کے انعقاد کو منظوری دے گا۔ اسی دوران ٹی آر ایس پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ  تملا ناگیشور راؤ کو امیدوار کی حیثیت سے منتخب کرنے کے فیصلہ سے قبل جو سروے کیا گیا اس میں ٹی آر ایس کے حق میں 54.5 رائے دہندوں کی تائید کی پیش قیاسی کی گئی۔ کانگریس کے حق میں 16فیصد ووٹ کا اندازہ کیا گیا ہے۔ سی پی ایم کو 12فیصد، وائی ایس آر کانگریس 8 فیصد، تلگودیشم 4فیصد اور دوسروں کو 5.5فیصد عوام کی تائید کی سروے میں پیش قیاسی کی گئی۔ ناگیشورراؤ کی امیدواری کے اعلان کے بعد پارٹی دوسرا سروے کرارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT