Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / کے ٹی راما راؤ کا شہر میں اچانک بلدی دورہ

کے ٹی راما راؤ کا شہر میں اچانک بلدی دورہ

برقی کیبلز کی تنصیب کیلئے سڑکوں کی کھدوائی پر برہمی ‘ گڑھے بند کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 13جون ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے اپنے دورہ امریکہ سے واپسی کے بعد آج اچانک شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور بالخصوص سری نگر کالونی کے علاقہ میں برقی کیبل کی تنصیب عمل میں لانے کیلئے کھودے ہوئے گڑھوں کو جوں کاتوق چھوڑ رینے کی وجہ سے مقامی عوام کو درپیش مشکلات پر اپنی سخت ناراضگی و برہمی کا اظہار کیا ۔ دورہ کے دوران وزیر موصوف کو مقامی عوام نے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے برقی کیبل کی تنصیب کے کام مکمل ہونے کے باوجود آج تک یہ گڑھے بند نہیں کئے گئے جس کے باعث نہ صرف ٹریفک مسائل پیدا ہورہیہیں بلکہ عوام کو بھی کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ساتھ مقامی رکن اسمبلی گوپی ناتھ ‘ میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی رام موہن راؤ ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی و دیگر اعلیٰ عہدیداران محکمہ واٹر ورکس ‘ برقی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے مرتب کردہ 100روزہ منصوبہ بند پروگرام کی پیشرفت اور روبہ عمل لائے جانے والے ترقیاتی کاموں کا مختلف مقامات پر دورہ کر کے تفصیلی جائزہ لیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق شاہ پور نگر علاقہ کا بھی دورہ کر کے مقامی عوام سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی کی جانب سے چلائی جانے والی 5روپئے کے کھانے کی اسکیم کا بھی ازخود تیار کردہ کھانا کھاکر معیار کی جانچ کی اور بہترین کھانے کی تیاری پر زبردست ستائش کی۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کھانے کی اس اسکیم سے نہ صرف شہریوں کو زبردست راحت حاصل ہوئی ہے بلکہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں سے شہر پہنچنے والے افراد کے لئے بھی یہ ایک سہولت بخش اسکیم ہے جس کے ذریعہ وہ انتہائی کم قیمت پر معیاری غذا حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے اس اسکیم کو مزید وسعت دینے کے ارادہ کا اظہار کیا ۔ کے ٹی راما راؤ نے بلدی حکام کو شہر میں موسم برسات کے دوران صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ۔

TOPPOPULARRECENT