Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کے کویتا ایم پی ٹی آر ایس پر ریت مافیا کی ہمت افزائی کرنے کا الزام

کے کویتا ایم پی ٹی آر ایس پر ریت مافیا کی ہمت افزائی کرنے کا الزام

خود کشی کرنے والے کسانوں کی توہین ، ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی مدھو گوڑ یشکی کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر مدھوگوڑ یشکی نے ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کرنے کا ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز کویتا پر الزام عائد کیا حکومت پر خود کشی کرنے والے کسانوں کی توہین کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مدھوگوڑیشکی نے کہا کہ نظام آباد میں چیف منسٹر کی دختر و ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز کویتا ریت مافیا کی مکمل حوصلہ افزائی کررہی ہیں ۔ یہی نہیں نظام شوگر فیکٹری انتظامیہ سے بھی مسز کویتا نے ساز باز کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ وعدوں کی عمل آوری میں ٹی آر ایس حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔ خشک سالی ، قرضوں کی عدم معافی ، حکومت سے یکسر نظر انداز کردئیے جانے کے بعد نقصانات سے دوچار ہونے والے کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ ضلع نظام آباد کے ایک کسان نے حیدرآباد میں خود کشی کی ہے ۔ مگر ریاستی وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے اس کسان کو 5 ایکڑ اراضی رکھنے والا تاجر قرار دیا اور بیماری کی وجہ سے خود کشی کرنے کا دعویٰ کیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی 100 ایکڑ اراضی رکھتے ہیں کیا وہ ہیروں کے تاجر ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 1000 سے زائد کسان خود کشی کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان کے علاوہ کسی وزیر نے خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی اور نہ ہی حکومت کی جانب سے پریشان حال کسانوں کو اعتماد میں لیا گیا ۔ چین کے دورے پر رہنے والے چیف منسٹر تلنگانہ چین کے تاجرین کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے پر تمام رعایتیں و سہولتیں دینے کا اعلان کررہے ہیں مگر کسانوں کے مسائل کو حکومت نظر انداز کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت مفاد پرست ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر اور وزراء میں انسانی ہمدردی کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ تمام وزراء بدعنوانیوں میں ملوث ہوچکے ہیں ۔ حکومت عوامی جوابداہی کے جذبہ سے غافل ہوگئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT