Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / کے کے آر حصص کی فروخت میں بے ضابطگی ، شاہ رخ سے تفتیش ہوگی

کے کے آر حصص کی فروخت میں بے ضابطگی ، شاہ رخ سے تفتیش ہوگی

نئی دہلی ، 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) ایجنسی نے آئی پی ایل کی سابق چمپئن ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے شریک مالک شاہ رخ خان کو حصص کی فروخت میں بے ضابطگیوں پر تفتیش کیلئے طلب کرلیا ہے۔ کے کے آر نے آئی پی ایل کے دو سیزن 2012ء اور 2014ء میں چمپئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ معاشی معاملات میں بے ضابطگیوں پر نظررکھنے والی ایجنسی کی جانب سے شاہ رخ اور کے کے آر ٹیم کے دوسرے مالک کو اس سے قبل مئی 2015ء میں بھی ٹورنمنٹ میں بے ضابطگیوں پر تفتیش کیلئے بلایاگیاتھا۔ اُس وقت انھوں نے اپنا موقف دینے کیلئے ایجنسی سے مہلت مانگی تھی۔ تاہم شارخ خان اپنی فلمی شوٹنگ مصروفیات کے باعث ایک دفعہ پھر تفتیش کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ میڈیا کے مطابق ای ڈی 2009ء اور 2010ء میں فرنچائز کی جانب سے ماریشس کی کمپنی سی آئس لینڈ انوسٹمنٹ لمیٹڈ کو حصص فروخت کرنے کے عمل کی تفتیش کررہی ہے۔ ای ڈی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے سی آئس لینڈ انوسٹمنٹ لمیٹڈ کو حصص سستے داموں فروخت کئے ہیں۔ انھوں نے یہ دعویٰ ایک چارٹرڈ اکائونٹنٹ کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی بنیاد پر کیا ہے۔ اس چارٹرڈ اکائونٹنٹ کمپنی کو آئی پی ایل کی چند ٹیموں کے حصص کی فروخت اور قیمت کے حوالے سے آڈٹ کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔ شاہ رخ خان 2011ء میں بھی 100 کروڑ روپئے کی بیرون ملک سے منتقلی کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کے الزام پر ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT