Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / گئو شالہ کے قیام پر 22 لاکھ روپئے کی امداد اور مفت چارہ کی اسکیم

گئو شالہ کے قیام پر 22 لاکھ روپئے کی امداد اور مفت چارہ کی اسکیم

دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ترغیبات۔ مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کا اعلان

نئی دہلی 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کسانوں کو گائے دودھ دینا بند کردینے پر فروخت کرنے سے باز رکھنے کیلئے مرکزی حکومت نے انھیں مفت چارہ (گھاس) سربراہ کرنے کی ایک اسکیم شروع کی ہے۔ مرکزی وزیر جنگلات پرکاش جاویڈکر نے آج یہ اطلاع دی۔ انھوں نے راشٹریہ گودھن مہا سنگھ کے زیراہتمام ’’تحفظ گائے‘‘ پر ایک کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اس اسکیم کا مقصد ان گائیوں کی دیکھ بھال کرنا ہے جوکہ دودھ دینا بند کردیا ہے اور جنگلاتی علاقہ کو نقصانات سے بچانا ہے۔ جہاں پر مویشیوں کو چرنے کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ذبیحہ گاؤ پر مرکزی وزیر نے محتاط انداز میں کہاکہ ریاستی حکومتوں کو اس خضوص میں اقدامات کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ جب گائے دودھ دینا چھوڑ دیتی ہے، اُس وقت ان کی پرورش کسانوں کیلئے ایک مسئلہ بن جاتی ہے۔ کسان اس وقت تک گائیوں کو چارہ کھلاتے ہیں جب تک وہ دودھ دیتی ہیں اور جیسے ہی دودھ بند ہوجاتا ہے اُسے معاشی مجبوریوں کی وجہ سے قصاب کے حوالہ کردیا جاتا ہے۔ مسٹر پرکاش جاویڈکر نے کہاکہ اگرچیکہ کسان اپنی گائیوں سے انسیت رکھتے ہیں لیکن دودھ بند کردینے کے سبب اُسے پالنا ایک بوجھ تصور کرتے ہیں جس کے پیش نظر دیہاتوں کے قرب و جوار واقع جنگلات کو استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے اور حکومت نے قومی ضامن روزگار اسکیم کے تحت جنگلاتی علاقوں میں گھاس اُگانے کا منصوبہ زیرغور ہے۔ تاکہ کسانوں کو مفت میں چارہ دستیاب ہوسکے اور یہ اسکیم بہت جلد شروع کردی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ ’’گئو شالہ‘‘ کے قیام پر حکومت جاریہ سال سے گرانٹ میں 22 لاکھ تک اضافہ کردے گی۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ گائے کے دودھ کی پیداوار میں اضافہ حکومت کے لئے ایک اور چیلنج بن گیا ہے اور ہریانہ میں دودھ کی پیداوار پر سبسیڈی فراہم کرنے پر بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کی ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ عموماً ایک گائے 2 لیٹر دودھ دیتی ہے لیکن حکومت ہریانہ نے کسانوں کو یہ ترغیب دی ہے کہ دودھ کی پیداوار میں 2 لیٹر سے 6 لیٹر تک اضافہ کرنے پر 10 ہزار روپئے کا انعام پیش کیاجائے گا اور گائیوں کی خریداری پر بھی سبسیڈی دی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT