Sunday , June 25 2017
Home / Top Stories / گاؤرکھشکوں کی زدوکوب میں ایک مسلم ہلاک، پانچ زخمی

گاؤرکھشکوں کی زدوکوب میں ایک مسلم ہلاک، پانچ زخمی

گائے کی منتقلی پر راجستھان کے ضلع الور میں بربریت انگیز واقعہ، چھ کیخلاف مقدمہ

الور ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع الور میں جنونی گاؤ رکھشکوں کی بہیمانہ مارپیٹ میں بری طرح زخمی ایک مسلم شخص فوت ہوگیا۔ اس شخص پر گاؤ رکھشکوں کے وحشیانہ حملے کے مناظر کیمرے میں قید کرلئے گئے تھے جو منظرعام پر آچکے ہیں۔ اطلاعات کے بموجب 55 سالہ شخص پہلوخاں کو شدید زخمی حالت میں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ پیرکی شب فوت ہوگیا۔ پہلو خاں اور دیگر افراد اس وقت زخمی ہوگئے تھے جب ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 15 افراد پر ایک جنونی ہجوم نے حملہ کردیا تھا۔ متاثرہ افراد ہفتہ کو ضلع الور کی بہرور شاہراہ پر گاڑیوں کے ذریعہ گایوں کو منتقل کررہے تھے۔ بیان کیا جاتا ہیکہ گروپ میں شامل افراد جئے پور کے ایک میلہ میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے اور انہوں نے وہاں چند گایوں کو خریدا تھا۔ زخمیوں میں شامل 22 سالہ عظمت نے کہا کہ ’’میرے ساتھ تمام جائز دستاویزات موجود ہیں۔ ہم نے گائے چھپانے کی کوشش بھی نہیں کی کیونکہ ہم قانونی طور پر انہیں کھلی گاڑی کے ذریعہ منتقل کررہے تھے۔ عظمت نے مزید کہا کہ ’’میں نے ان (گاؤ رکھشکوں) سے کہا کہ ہمارے ساتھ تمام دستاویزات ہیں لیکن انہوں نے زدوکوب کیا۔ مجھ سے 35000 روپئے چھین لئے گئے۔ بعدازاں میں بیہوش ہوگیا اور اتوار کی شب ایک بجے ایک دواخانہ میں میری آنکھ کھلی‘‘۔  عظمت کے بیان کے مطابق گاؤ رکھشکوں نے  ہفتہ کی شام ان کی گاڑی کو روک لیا تھا اور ڈرائیور ارجن کو چلے جانے کیلئے کہا۔ بعدازاں اس میں سوار مسلم افراد کو بے رحمی کے ساتھ مارپیٹ اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پہلو کے چچا نے کہا کہ ’’پہلو نے موت سے قبل مجھے بتایا کہ گاؤ رکھشکوں نے اس کو بری طرح زدوکوب کیا پھر کہا کہ تو بوڑھا آدمی ہے بھاگ یہاں سے لیکن جیسے ہی وہ جانے لگا اس کا پیچھا کرتے ہوئے بار بار مارا پیٹا گیا‘‘۔ چار زخمیوں میں پہلو کے بیٹے عارف اور ارشاد کے علاوہ عظمت اور شریف شامل ہیں۔ پہلو کی موت کے بعد چھ افراد ادم یادو، حکم چند یادو، نوین شرما، سدھیر یادو، راہول سائینی اور جگمل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دیگر 200 نامعلوم افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ تاہم ہنوز کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT