Wednesday , June 28 2017
Home / ہندوستان / گاؤ دہشت گرد قانون سے بالاتر نہیں :اتھاولے

گاؤ دہشت گرد قانون سے بالاتر نہیں :اتھاولے

اورنگ آباد ۔ 23 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر رام داس اتھاولے نے آج کہاکہ گائے کی حفاظت کے نام پر من مانی حرکتیں کرنے والے قانون سے بالاتر نہیں اور وہ کوئی بھی غیرقانونی سرگرمی دیکھیں تو اُنھیں چاہئے کہ معاملہ پولیس سے رجوع کریں ۔ انھوں نے کہاکہ کوئی بھی چاہے وہ ’’گاؤ رکھشک ‘‘ کے نام پر سرگرمی دکھائے تو ماورائے قانون نہیں ہے ۔ لہذا اگر کسی کو محسوس ہو کہ کچھ غیرقانونی عمل ہورہا ہے تو اُسے چاہئے کہ قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی بجائے معاملہ پولیس کے علم میں لائے ۔ مملکتی وزیر برائے سماجی انصاف آج یہاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں دلت لیڈر نے کہاکہ یہ بدبختی کی بات ہے کہ لوگوں کو بے رحمانہ انداز میں مارپیٹ کر ادھ مرا کیا جارہاہے یا موت کے گھاٹ اُتارا جارہاہے ۔ حالانکہ وہ اپنے گذر بسر کیلئے مردہ گائیوں کے چمڑے کا کاروبار کرنے والے پائے جاتے ہیں۔ اپنی آبائی ریاست مہاراشٹرا کے سیاسی منظر کے تعلق سے آر پی آئی ( اے ) لیڈر جن کی پارٹی بی جے پی کی حلیف ہے ، انھوں نے کہاکہ دیویندر فرنویس زیرقیادت مخلوط حکومت اپنی میعاد مکمل کرے گی ۔
دہلی سے ممبئی 12گھنٹے میں پہنچے گی نئی راجدھانی ایکسپریس
نئی دہلی، 23مئی (یو این آئی) ریلوے نے مال گاڑیوں کے لئے مخصوص گلیارہ(ڈی ایف سی) بننے کے پہلے ہی دہلی سے ممبئی کے درمیان نئے ایل ایچ بی ریک والی ایک نئی راجدھانی ایکسپرس چلانے کا منصوبہ بنایا ہے جو دونوں شہروں کے درمیان کی دوری بارہ گھنٹے میں طے کرے گی۔ریلوے بورڈ کے ایک اعلی افسر کے مطابق نئی راجدھانی ایکسپرس کے ٹھہراو ایک یا دو ہی ہوں گے اور گاڑی میں دو انجن لگائے جائیں گے ۔ ممبئی اور دہلی کے درمیان اس گاڑی کو صرف سورت یا وڈودرا یا دونوں جگہوں پر ٹھہراو دیا جاسکتا ہے ۔ریلوے افسر کے مطابق یہ ٹرین دہلی اور ممبئی دونوں مقامات سے شام کو سات بجے روانہ ہوکر اگلے دن صبح سات بجے منزل مقصود تک پہنچے گی۔ اس طرح سے ملک کے میٹرو شہرو ں کے درمیان ٹرین سے رات بھر میں پہنچنا ممکن ہوسکے گا۔ افسر نے بتایا کہ دہلی ممبئی ریل روٹ کو سیمی ہائی اسپیڈ روٹ بنانے کا منصوبہ پر الگ سے کام ہوتا رہے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT