Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / گاؤ رکھشا کے نام پر تاجرین کو ہراسانی کے خلاف احتجاج

گاؤ رکھشا کے نام پر تاجرین کو ہراسانی کے خلاف احتجاج

الحاج محمد سلیم کی قیادت میں جمعیت القریش وفد کی ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گاؤ رکھشا کے نام پر بڑے جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹ اور اشرار کی جانب سے تاجرین کو ہراسانی کے خلاف جمعیت القریش حیدرآباد نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ جمعیت القریش حیدرآباد کے صدر و رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم کی قیادت میں ایک وفد نے آج ڈی جی پی تلنگانہ سے ملاقات کی ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما کو مسائل پر مبنی تفصیلی یادداشت پیش کرنے کے بعد محمد سلیم کی قیادت میں وفد نے سائبر آباد کمشنر مسٹر سی وی آنند سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر محمد سلیم صدر جمعیت القریش حیدرآباد اور رکن قانون ساز کونسل نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو اشرار کی ہراسانی اور شرانگیزی کی مکمل تفصیلات پیش کی گئی ہیں ۔ بڑے جانوروں کی منتقلی کو روکتے ہوئے عید میں رکاوٹ پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ کے 10 اضلاع میں بڑے جانوروں کے تاجرین کو لاحق جانی و مالی خطرات سے ڈی جی پی کو واقف کروایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے جانوروں کے تاجرین جمعیت القریش کی ہدایت کے پابند ہوتے ہیں لہذا انہیں اشیاء کا کاروبار کیا جاتا ہے جس کی قانون اجازت دیتا ہے تاہم قانون کے رکھوالے بھی اشرار کی من مانی پر ایسا لگتا ہے کہ رضامندی کا اظہار کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے جانوروں کی فروخت پر گاؤرکھشا کے نام سے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں جس کے سبب ہزاروں کسان اور تاجرین شدید مالی مسائل کا شکار ہورہے ہیں ۔ اس کاروبار پر تلنگانہ اضلاع کے لاکھوں خاندان انحصار کرتے ہیں ۔ رکن قانون ساز کونسلر محمد سلیم جو وفد کی نمائندگی کررہے تھے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ بڑے جانوروں کے تاجرین بے خوف ہو کر اپنا کاروبار کرسکتے ہیں ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ ڈی جی پی نے انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اشرار کے خلاف کارروائی کریں گے تاہم انہوں نے قانون کے مطابق بڑے جانوروں کو منتقل کرنے کا مشورہ دیا ۔ بعد ازاں کمشنر پولیس سائبر آباد نے بھی جمعیت القریش کے وفد کو اشرار کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا اور کہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی ۔ اس موقع پر محمد سلیم نے بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں ریاستی ہوم منسٹر سے بھی ملاقات کریں گے اور سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد کو بھی یادداشت پیش کی جائے گی ۔ اس موقع پر وفد میں عبدالقادر قریشی نائب صدر محمد منیر قریشی جنرل سکریٹری ، محمد صابر ، عبدالقدیری قریشی ، محمد اسحاق ، محمد محبوب قریشی ، محمد داؤد ، محمد کریم الدین اور دیگر موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT