Saturday , May 27 2017
Home / ہندوستان / گائے کی طرح کسانوں کی زندگی کا تحفظ ضروری

گائے کی طرح کسانوں کی زندگی کا تحفظ ضروری

خودکشی کیلئے مجبور کرنے والی حکومت کو سزا ملنی چاہئے : شیوسینا
ممبئی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں ذبیحہ گاؤ پر سخت سزاؤں کے لئے قوانین نافذ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ اگر گائے کو ہلاک کرنے پر سخت سزا ہوسکتی ہے تو پھر کسانوں کی خودکشی کے لئے حکومتوں کو بھی ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اِن دنوں گاؤ ذبیحہ کے ذمہ داروں کو سزائے موت کی بات کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر ایسا ہو تو پھر ایسی حکومتوں پر بھی قتل کا الزام عائد ہوتا ہے جن کی وجہ سے کسان خودکشی کے لئے مجبور ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں اور گایوں کو جینے کا حق ہے۔ گائے کی طرح کسانوں کو بھی بچانے کی ضرورت ہے۔ حکمراں اتحاد میں شامل شیوسینا نے گاؤ ذبیحہ پر یکساں قانون کا بھی مطالبہ کیا۔ چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر رمن سنگھ نے کہا تھا کہ ریاست میں جو بھی گائے کا قتل کرے گا اُسے پھانسی دی جائے گی۔ گزشتہ ہفتہ بی جے پی زیراقتدار گجرات میں ایک قانون منظور کیا گیا جہاں گائے ذبح کرنے پر سزائے عمر قید ہوگی۔ مارچ 2015 ء میں بی جے پی زیراقتدار مہاراشٹرا حکومت نے گایوں اور بیلوں کے ذبح کرنے پر امتناع عائد کردیا تھا۔ سنجے راوت نے کہاکہ کسانوں کا ریاست میں ہڑتال کی راہ اختیار کرنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست لاقانونیت کی طرف بڑھ رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT