Sunday , June 25 2017
Home / Top Stories / گاندھی جی کی بجائے مودی کی تصویر کی اشاعت

گاندھی جی کی بجائے مودی کی تصویر کی اشاعت

کھادی اور دیہی صنعت کمیشن پر اپوزیشن کی تنقید
نئی دہلی ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی آج کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن کے کیلینڈر اور ڈائری پر اپنی تصویر شائع ہونے کے بعد ایک اور تنازعہ میں گھر گئے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اس اقدام پر تنقید و کا تعریض کی ہے لیکن حکومت اور بی جے پی نے تنازعہ کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ یہ تنازعہ غیرضروری ہے کیونکہ کمیشن میں ایسا کوئی قاعدہ نہیں ہیکہ ڈائری اور کیلینڈر پر صرف گاندھی جی کی تصویر شائع کی جائے۔ کے وی آئی سی کے صدرنشین مسٹر وی کے سکسینہ نے اس اقدام کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی قاعدہ یا روایت نہیں ہیکہ صرف گاندھی جی کی تصاویر شائع کی جائے گی۔ تاہم وزیراعظم کی تصویر پر اعتراض کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی، کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن فروغ دینے کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں جیساکہ ہندوستانی خلائی گاڑی منگلیان، مریخ میں داخل ہونے پر اپنا کارنامہ قرار دیا تھا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے کہا کہ چرخہ کا امتیازی نشان اور مہاتما گاندھی کی تصویر کو ہٹا کر اب کیلینڈر اور ڈائری پر مودی بابو کو آویزاں کیا گیا ہے جبکہ گاندھی جی ہمارے بابائے قوم ہیں۔ جنتادل متحدہ کے ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہیکہ ایسے وقت گاندھی کی تصویر ہٹادی گئی جبکہ چمپارن بہار میں گاندھی جی کی پہلی ستیہ گرہ کی صدسالہ تقاریب منائی جارہی ہے۔ انہوں نے صدرنشین سکسینہ کو تغلقی فرمان جاری کرنے پر عہدہ سے برطرف کردینے کا مطالبہ کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT