Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گاندھی ہاسپٹل کے صفائی عملہ کی ہڑتال ، تنخواہوں کی عدم اجرائی پر سخت موقف

گاندھی ہاسپٹل کے صفائی عملہ کی ہڑتال ، تنخواہوں کی عدم اجرائی پر سخت موقف

ہاسپٹل میں گندگی کا انبار ، تعفن سے مریضوں کو مشکلات ، حکومت فوری توجہ دے
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل میں صفائی عملہ نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف آج سے ہڑتال شروع کردی۔ خانگی کمپنیوں کے تحت گاندھی ہاسپٹل میں صفائی عملہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور گذشتہ دو ماہ سے زائد از 220ملازمین کی تنخواہیں جاری نہیں کی گئی ہیں جس کے سبب ملازمین نے کام نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تنخواہوں کی اجرائی تک صفائی کا عمل مفقود کردینے کا انتباہ دیا۔ گاندھی ہاسپٹل گذشتہ چند ہفتوں سے منفی سرخیوں میں ہے کیونکہ ہاسپٹل میں رشوت کا چلن اور مریضوں سے برتاؤ کے علاوہ مدت استعمال ختم ہونے کے باوجود انجکشن کے استعمال کے سبب بچوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں لیکن اب جو اطلاع دی جا رہی ہے وہ تمام مریضوں کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ اگر دواخانہ میں صفائی کا انتظام ٹھپ ہوجاتا ہے تو ایسی صورت میں صورتحال انتہائی ابتر ہوجائے گی۔دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے صفائی عملہ کے متعلق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورسنگ پر ان ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اس لئے یہ کام دواخانہ کا نہیں ہے بلکہ اس ایجنسی کی ذمہ داری ہے جو ان ملازمین کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ دواخانہ کے انتظامیہ کے علاوہ ایجنسی کو متعدد مرتبہ تنخواہ کی عدم اجرائی کے سبب پیدا ہونے والے مسائل سے واقف کروایا گیا لیکن تنخواہ کی اجرائی کے معاملہ دونوں کی جانب سے کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے وہ ہڑتال کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ دواخانہ میں صفائی عملہ کی ہڑتال کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے ۔ دواخانہ میں مسلسل صفائی ناگزیر ہوتی ہے کیونکہ مریضوں کو صاف و شفاف ماحول درکار ہوتا ہے اور مسلسل صفائی کا عمل مفقود ہونے کی صورت میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے اور صفائی عملہ کی ہڑتال سے نمٹنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔مریضوں کے رشتہ داروں نے بتایا کہ دواخانہ میں آج شروع ہوئی ہڑتال کے اندرون چند گھنٹوں میں ہی کئی مقامات پر بدبو و تعفن پھیلنے لگا ہے اس لئے دواخانہ کے انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری طور پر دوآخانہ میں صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کو مزید مشکلات میں مبتلاء ہونے سے بچایا جاسکے۔

Leave a Reply

Top Stories

TOPPOPULARRECENT