Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / گاووں اور غریبوں کو با اختیار بنانا مودی حکومت کا مقصد

گاووں اور غریبوں کو با اختیار بنانا مودی حکومت کا مقصد

گرام سوراجیہ کو یقینی بنانے پر حکومت کی توجہ ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا خطاب
وجئے واڑہ 10 جنوری ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت دیہی معیشت کو بہتر بنانے اور غریب عوام کی بحیثیت مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے گرام سوراجیہ کو نریندر مودی زیر قیادت حکومت کا قطعی مقصد قرار دیا اور کہا کہ اس سے گاووں کو خود مکتفی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاووں کو با اختیار بنانا اور ملک میں غریبوں کو اختیارات دینا ہی این ڈی اے حکومت کا مقصد ہے ۔ وزیر داخلہ نے مرکزی وزیر و سینئر بی جے پی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو کی دختر دیپا وینکٹ کی جانب سے چلائے جانے والے سورنا بھارت ٹرسٹ کے وجئے واڑہ چیپٹر کا افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی کا 75 فیصد حصہ گاووں میں رہتا بستا ہے اور جب تک ہم ان افراد کو معاشی طور پر مستحکم نہیں کرینگے قومی معیشت کی بحیثیت مجموعی ترقی توقعات کے مطابق نہیں ہوسکتی ۔ این ڈی اے حکومت کا قطعی مقصد یہ ہے کہ گرام سوراجیہ کے مقصد کو پورا کیا جائے ۔ اس ٹرسٹ کا اولین چیپٹر نیلور ضلع میں وینکٹ چلم کے مقام پر قائم ہے ۔ اس موقع پر راج ناتھ سنگھ نے مودی حکومت کی جانب سے گاووں کی ترقی اور غریبوں کی بہتری کیلئے چلائے جانے والے مختلف پروگراموں اور اسکیمات کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ 2008 میں کئی ترقی یافتہ ممالک کو معاشی انحطاط کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہندوستان نے گاووں میں مستحکم معاشی بنیادوں کی وجہ سے اس بحران سے آسانی سے نمٹ لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے پہلے بھی دیہی معیشت کی اہمیت کو سمجھا تھا اور کئی اسکیمات شروع کئے تھے اور اب بھی ایسا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی حکومت نے اپنے سابقہ دور میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا جیسا اہم ترین پروگرام شروع کیا تھا جس کے ذریعہ گاووں کو ہر موسم میں ساتھ دینے والی سڑکوں سے مربوط کیا گیا تھا ۔ اس کے نتیجہ میں قومی شاہراہوں کو چار رخی راستوں میں بدل دیا گیا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم کے جن دھن یوجنا پروگرام کے ذریعہ غریبوں کو بینک اکاؤنٹس زیر بیلنس پر کھولنے کا موقع ملا اور اس  سے انہیں اوور ڈرافٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا کے تحت بینکنگ نظام میں 26,891 کروڑ روپئے کی رقم جمع ہوئی ہے ۔ اکاؤٰنٹ ہولڈرس اب راست طور پر اپنی سبسڈی حاصل کر رہے ہیں اور اس سے درمیانی آدمی کا رول ختم ہوگیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT